صدر پاکستان پرویز مشرف نے اپنی کتاب میں جرات مندی کے ساتھ کارگل سمیت دیگر اہم موضوعات پر قلم اٹھایا ہے، سابق وزیر داخلہ جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر کا کراچی میں فورم سے خطاب

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 14:51

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2006) سابق وزیر داخلہ جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر نے کہا ہے کہ صدر پاکستان پرویز مشرف نے اپنی کتاب میں جرات مندی کے ساتھ کارگل سمیت دیگر اہم موضوعات پر قلم اٹھایا ہے۔ وہ کراچی میں صدر پرویز مشرف کی کتاب ان دی لائن آف فائر کے سلسلے میں منعقدہ ایک فورم سے خطاب کررہے تھے۔ جس سے ممتاز سفارتکار شاہد امین، بیرسٹر شاہدہ جمیل کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رہنما نفیس صدیقی نے بھی خطاب کیا۔

جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر نے کہا کہ صدر مشرف کی پالیسیوں کی وجہ سے نائن الیون کے بعد پاکستان دنیا کا اہم ترین ملک بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر مشرف نے اپنی کتاب میں کارگل ، پاکستان کے نیوکلیئر معاملات سمیت کئی اہم موضوعات پر کھل کر بات کی ہے لیکن اب بھی بہت سے سوالات کے جوابات باقی ہیں۔

(جاری ہے)

فورم سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سفارتکار شاہد امین نے کہا کہ کتاب متنازع ضرور ہے لیکن انتہائی دلچسپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مشرف نے جو انکشافات کئے ہیں، ان کی وجہ سے پاکستان کے عالمی برادری سے تعلقات متاثر نہیں ہونگے۔ شاہد امین نے کہا کہ نائن الیون کے بعد صدر پرویز مشرف نے دہشت گردی کے خلاف عالمی مہم میں شامل ہوکر مین اسٹریم میں شامل کرادیا۔ انہوں نے صدر پرویز کی کتاب کو پاکستان کا اثاثہ قرار دیا۔ تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں کے علاوہ دانش مندوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی