Live Updates

حکومت کیخلاف تحریک نومبر میں شروع کی جائیگی ، عمران خان،جنرل مشرف پاکستان کے حسنی مبارک بننا چاہتے ہیں، بلوچستان میں پاکستان کے خلاف نفرتیں ابھر رہی ہیں، موجودہ پارلیمنٹ کٹھ پتلی ہے ، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 22 ستمبر 2006 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2006ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک رواں سال نومبر میں شروع کی جائے گی جو موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی، جنرل پرویز مشرف پاکستان کے حسنی مبارک بننا چاہتے ہیں، ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے اور ملک کو بچائیں گے۔ وہ جمعہ کی سہ پہر کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر پارٹی سندھ کے صدر زبیر خان اور کراچی ڈویژن کے صدر اشرف قریشی بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتیں گرینڈ الائنس کی شکل میں جمع نہ ہوئیں تو وہ ان تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر تحریک کا آغاز کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں نے پارٹیوں میں انتشار پیدا کیا ہے اور وہ ایک ڈکٹیٹر کو ملک پر مسلط رکھنے کے لئے ان کو متحد نہیں ہونے دے رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں پاکستان کے خلاف نفرتیں ابھر رہی ہیں، جو تحریک آزادی کی شکل اختیار کرسکتی ہے، ہمیں اس بارے میں فوری سوچنا ہوگا اور وہاں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ حقوق دیتے ہوئے وہاں فوج کشی بند کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کے عوام زیادہ سے زیادہ صوبائی خودمختاری چاہتے ہیں، ان کی آواز کو طاقت کے بل پر دبایا جارہا ہے، بلوچستان سے نکلنے والی گیس کی آمدنی 85 ارب روپے ہے اور اس میں سے صرف 5 ارب روپے واپس کئے جاتے ہیں وہاں پر آدھی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیرستان پر بھی فوج کشی کی گئی لیکن پھر بعد میں وہاں کے لوگوں سے مذاکرات کئے گئے اور انہیں اسلحہ واپس کرنے سمیت مراعات دینے کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف امریکی غلامی میں بہت زیادہ آگے چلے گئے ہیں اور وہ صدر بش کو خواتین تحفظ بل کے بارے میں یقین دہانیاں کرارہے ہیں کہ یہ بل ضرور منظور ہوگا، ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، اس میں کسی بیرونی طاقت کو مداخلت کا اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے بنانے کی بات ہو یا کوئی اور فیصلہ، یہ ایک حقیقی منتخب پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے، کوئی پٹو حکومت عوام کے مفادات کا کوئی تحفظ نہیں کرسکتی، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جب حکومت کے خلاف تحریک شروع ہوگی تو معلوم ہوجائے گا کہ فرینڈلی اپوزیشن کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ آزاد نہیں ہے بلکہ کٹھ پتلی پارلیمنٹ ہے جو عوام اور ملک کے کے مفادات کا کوئی تحفظ نہیں کرسکتی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات