الخدمت فاؤنڈیشن کا اسلام آبادمیں فلاحی ہسپتال قائم کرنے کا اعلان

جمعہ 22 ستمبر 2006 18:27

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر 2006 ) الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے صدر سید بلال نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے ساڑھے 6 کروڑ روپے کی لاگت سے فلاحی ہسپتال قائم کرے گی اور فروغ تعلیم کے پلیٹ فارم سے 6 ہزار سے زائد مقیم اور غریب بچوں میں عید کے کپڑے تقسیم کریں گے۔ جمعہ کو یہاں اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اس جدید ہسپتال میں ای این ٹی پیتھالوجی لیب اور او پی ڈی کے علاوہ دیگر سہولیات بھی میسر ہوں گی اور بعد میں اس میں مزید شعبوں کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس فلاحی ہسپتال میں کوالیفائیڈ اور تجربہ کار ڈاکٹرز اور دیگر عملہ خدمات سرانجام دے گا۔ سید بلال نے بتایا کہ اس ہسپتال میں تمام آلات دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہوں گے اور انتہائی مناسب اور کم فیس میں علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کے لئے ایک صاحب حیثیت شخص نے تقریباٰ ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی عمارت الخدمت فاؤنڈیشن کو بطور عطیہ دے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے یتیموں اور بیوگان کے اعداد و شمار باقاعدہ طور پر جمع کرنا شروع کر دیے گئے ہیں اور کچھ ہی عرصہ میں الخدمت فاؤنڈین کے پاس اسلام آباد میں یتیموں اور بیوگان کے مکمل کوائف ہوں گے اور کوئی بھی صاحب حیثیت اور خدا ترس انسان الخدمت فاؤنڈیشن سے رابطہ کر کے اپنی زکوةٰ جمع کرا سکتا ہے یا کسی ایک یا زائد یتیم یا بیہ کی کفالت کی ذمہ داری اپنے ذمہ لے کر اس کار خیر میں شریک ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یتیموں اور بیوگان کی مالی امداد کے لئے ہر خاص و عام الخدمت فاؤنڈیشن سے رابطہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کان یتیموں اور بیوگان کی مالی امداد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن ایک زکوةٰ فنڈ قائم کرے گی اور اس کام کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن ہر خاص و عام سے زکوةٰ کی اپیل کرتی ہے، انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 6000 سے زائد غریب اور یتیم بچوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے عید کے کپڑے کل اور پروقار تقریب میں جو المعر اج ہوٹل میں منعقد کی جا رہی ہے دے گی بچوں کے لئے اس عید گفٹ کی تقریب میں شہر کی سماجی شخصیات، تاجر برادری اور معززین شہر شرکت کریں گے انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں الخدمت فاؤنڈیشن چھ ہزار سے زائد غریب طلباء کو سکول بیگ کاپیاں اور سٹیشنری فروغ تعلیم مہم کے تحت مفت فراہم کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہے جو مختلف سماجی سرگرمیاں سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں غریب عوام کے علاج معالجہ کے لئے تعمیر کئے جانے والے ہسپتال کے لئے مخیر حضرات سے زکوةٰ اور مالی تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر صحافی برادری سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے منصوبوں کو زیادہ سے زیادہ کوریج دیں تاکہ الخدمت کا پیغام ملک کے کونے کونے میں مخیر افراد اور عوام الناس تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری منصوبوں کی بہتر کوریج سے اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :