حکومت پنجاب نے محکمہ تعلیم کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی الاؤنس کے تحت 15فیصد اضافہ کردیا

جمعہ 22 ستمبر 2006 17:06

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر 2006 ) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے نوٹس لینے کی بنا پر حکومت پنجاب نے محکمہ تعلیم کے کنٹریکٹ ملازمین کو 15فیصد مہنگائی الاوئنس دینے کی اجازت دیدی ہے اور کہا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی الاؤنس کے تحت پہلے ہی اضافہ کردیا گیا تھا جو کہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے ایک ٹیچر کی درخواست پر نوٹس لیا تھا جو اس نے 25نومبر2005ء کو دی تھی ۔ درخواست گزار نے درخواست میں تحریر کیا تھا کہ بجٹ میں حکومت پنجاب نے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے تاہم یہ اضافہ عارضی بنیادوں پر تعینات اساتذہ کرام کی تنخواہوں میں نہیں کیا گیا اس پر چیف جسٹس نے حکومت پنجاب سے جواب طلب کیا تھا جس پر حکومت پنجاب نے چیف جسٹس کو بتایا کہ انہوں نے کنٹریکٹ اساتذہ کی تنخواہوں میں 15فیصد مہنگائی الاؤنس کا اضافہ کردیا ہے اور یہ اضافہ یکم جولائی 2006ء سے نافذ العمل ہے ۔