چھوٹی صنعتوں کیلئے سستے قرضوں کی سکیم کا اعلان‘صنعتی فروغ کابڑا مقصد بے روزگاری کا خاتمہ ہے ‘وزیرا علی پنجاب

جمعہ 22 ستمبر 2006 17:02

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر 2006 ) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے اپنے عمل سے ثابت کر دیا ہے کہ جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 670 ایکڑ پر قائم کی جانے والی انڈسٹریل اسٹیٹ علاقے میں روزگار کے ایک لاکھ نئے مواقع فراہم کریگی اور اس کے ذریعے ساڑھے 16 ارب روپے کی خطیر سرمایہ کاری متوقع ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کی فیز ٹو کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد شہر کے صنعتکاروں‘ تاجروں اور ممتاز شہریوں کے اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی صنعتی فروغ کی پالیسی کا مقصد صوبے کو معاشی طور پر مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کم ترقی یافتہ علاقوں میں چھوٹی صنعتوں کے قیام کیلئے سستے قرضوں کی سکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے تحت صنعتیں لگانے کے خواہشمند افراد کو بینکوں کے مقابلے میں مارک اپ کی نصف شرح پر قرضے مہیا کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اس سکیم کے لئے ابتدائی طور پر ڈیڑھ ارب روپے کی رقم مختص کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے قرضوں کی اس سکیم کے تحت جنوبی پنجاب میں ترجیحی طور پر قرضے دیئے جائیں گے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت اس حقیقت سے باخبر ہے کہ مطلوبہ ہنر مند فورس کے بغیر صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا چنانچہ حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے تحصیل کی سطح پر فنی تربیت کے ادارے قائم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے نام پر حکومت کرنے والے سیاستدانوں نے ان علاقوں کے لئے کچھ نہیں کیا اس کے برعکس پاکستان مسلم لیگ کی حکومت جنوبی پنجاب پر آبادی کی نسبت11فیصد زیادہ فنڈز صرف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گزشتہ پونے چار برسوں میں اس علاقے کی تعمیر و ترقی پر 50 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :