وزیراعلیٰ کامناواں جلسہ میں کچی آبادیوں کیلئے5کروڑ کی گرانٹ کااعلان سیاسی رشوت اور پری پول رگنگ کا باضابطہ آغاز ہے،بنیادی انسانی حقوق سے محروم مگر سیاسی طور پرباشعور عوام پنجاب حکومت کے کسی فریب اور فراڈ میں نہیں آئیں گے،اے آرڈی کے رہنماؤں کا انتخابی جلسوں سے خطاب

جمعہ 22 ستمبر 2006 14:32

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر 2006 ) اے آرڈی کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کی محرومیوں کا مداوا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے،وہ تعمیرات کی آڑ میں عوام کے نظریات نہیں بدل سکتے۔مراعات کی ترغیب دے کر پی پی 157کے باشعور عوام کی سیاسی وفاداریوں کو خریدا نہیں جاسکتا۔بنیادی انسانی حقوق سے محروم مگر سیاسی طور پرباشعور عوام پنجاب حکومت کے کسی فریب اور فراڈ میں نہیں آئیں گے۔

جمہوری قوتوں کو پاکستان کی سا لمیت کودرپیش خطرات لیکن حکمران جماعت کو اپنی سیاسی تنہائی کا غم ہے۔وزیراعلیٰ کامناواں جلسہ میں ہربنس پورہ سمیت کچی آبادیوں کیلئے5کروڑ کی گرانٹ کااعلان سیاسی رشوت اور پری پول رگنگ کا باضابطہ آغاز ہے۔وزیراعلیٰ کی سرگرمیوں سے لگتا ہے کہ انہیں انتظامی امور سے فرصت ہی فرصت ہے ۔

(جاری ہے)

30ستمبر کے دن پی پی157کے شیر دل عوام دھڑا دھڑ شیر کے نشان پر مہریں لگا کرسیاسی گرگٹوں اور ضمیر فروشوں کو مسترد کردیں گے ۔

ان خیالات کااظہار ممبران قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق ،ملک پرویز،ثمینہ گھرکی اورپی پی 157سے جمہوری قوتوں کے متفقہ امیدوار رانا تجمل حسین نے یونین کونسل59کے نائب ناظم حافظ شہباز ،نیو کینال پارک میں میاں ذوالفقار راٹھوراورمسلم آباد میں کونسلر ارشاد گل کے زیراہتمام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں ذوالفقار راٹھور کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کی تاج پوشی کی گئی۔

میاں مرغوب احمد ،حاجی عزیزالرحمن چن ،ملک محمدافضل کھوکھر،حامدسرور ،حافظ شہباز،میاں ذوالفقار راٹھور اور ارشاد گل نے بھی خطاب کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ حکمران اہل سیاست اور اہل صحافت کے پیروں میں بیڑیاں ڈالنے کے درپے ہیں۔ آج اے آرڈی مناواں میں عوامی عدالت لگاکر بدعنوان حکمرانوں کی قسمت کافیصلہ سنائے گی۔30ستمبر پنجاب حکومت کے احتساب کا دن ہے ،عوام ووٹ کی طاقت سے اپنی جمہوری سیاسی آزادیوں کے راستے میں حائلتمام دیواروں کوگرادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران دھونس دھاندلی کے باوجود سرکاری امیدوار کوشکست سے نہیں بچا سکتے۔قومی خزانہ ملک وقوم کی امانت ہے خیانت کے مرتکب حکمرانوں سے ایک ایک پائی کاحساب لیں گے۔ ملک پرویز نے کہا کہ پنجاب کے وزیروں اور مشیروں کو پی پی157سے شرمندگی اور شکست کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔پنجاب حکومت سرکاری مشینری اور قومی وسائل کے بے دریغ استعمال کے باوجود 30ستمبر کاانتخابی نتیجہ اپنے حق میں نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی پی157کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے پنجاب کے تمام اداروں اور وسائل کو جھونک رکھا ہے۔ثمینہ گھرکی نے کہا کہ جمہوری قوتوں نے آمرانہ نظام کیخلاف طبل جنگ بجا دیا ہے ،پی پی 157کاضمنی انتخاب بہت جلد ملک میں ہونیوالے عام انتخابات کی ریہرسل ہے۔پنجاب حکومت اپنے آقاؤں کا آشیربادحاصل ہونے کے باوجود اے آرڈی کی سیاسی طاقت اور حکمت عملی کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ رانا تجمل حسین کی کامیابی سے تحریک بحالی جمہوریت کو تقویت ملے گی۔رانا تجمل حسین نے کہا کہ رمضان سے قبل ملک بھر اور بالخصوص پنجاب میں مہنگائی کا طوفان حکمرانوں کی ناکام معاشی واقتصادی اصلاحات کا شاخسانہ ہے۔پنجاب حکومت کوعوام کی شنوائی اوردلجوئی کی بجائے اپنے باوردی صدر کی خوشامد میں دلچسپی ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ وزیراعلیٰ کوپی پی157کیلئے 5کروڑ کی گرانٹ کا خیال عین ضمنی انتخاب میں کیوں آیا ہے ۔اس سے قبل انہوں نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ تاج پورہ اور تاج باغ کے مکینوں کیلئے3ارب روپے کے پیکج کااعلان کیا تھا لیکن تاحال وہاں ایک پھوٹی کوڑی صرف نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :