اساتذہ کرام اور والدین طلباء و طالبات کی بہتر کردار سازی کے ساتھ دینی و دنیاوی تعلیم پر بھی توجہ مرکوز کریں‘ ادریس حنیف

جمعہ 22 ستمبر 2006 14:28

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر2006 ) نائب ضلع ناظم لاہور ادریس حنیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ”پڑھا لکھا پنجاب“ پروگرام کے تحت ہر بچے کیلئے تعلیم کا حصول ممکن بنا دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوہاری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ادریس حنیف نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا اس لئے موجودہ حکومت ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زار ، معیارتعلیم اور تعلیمی نتائج میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اس مقصد کے حصول کیلئے لاہور شہر میں معیاری تعلیم کے فروغ ، ایجوکیشن سیکٹری کی ترقی ، تمام سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضلعی حکومت کثیر فنڈز خرچ کر رہی ہے جس سے معیار تعلیم بڑھانے اور شرح خواندگی میں اضافہ کے حوالے سے بڑی مدد مل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ادریس حنیف نے اساتذہ کرام اور والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ طلباء و طالبات کی بہتر کردار سازی کے ساتھ ساتھ دینی و دنیاوی تعلیم پر بھی توجہ مرکوز کریں تاکہ دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو ہوا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اور رول ماڈل اساتذہ کے بغیر ایک ذمہ دار، مہذب اور منظم قوم کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ جو قومیں استاد کی عزت و تکریم سے ناآشنا رہتی ہیں دنیا میں کبھی باعزت مقام حاصل نہیں کرسکتیں، اس لئے طلباء و طالبات اور لوگوں کو چاہیے کہ وہ اساتذہ اکرام کا ادب و احترام کریں ۔

متعلقہ عنوان :