مظفر آباد کے بارے میں سیسمک رپورٹ مشتہر کی جائے ‘ مجاہد نقوی

جمعہ 22 ستمبر 2006 13:38

مظفر آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر2006 )مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری سید مجاہد حسین نقوی سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے حکومت سے 8اکتوبر کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے بارے میں سیسمک رپورٹ، جائیکا سٹڈی رپورٹ اور دارالحکومتی شہر مظفر آباد کے بارہ تیار کردہ ماسٹر پلان عوام الناس کی آگاہی کے لیے فوری طور پر مشتہر کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ اس سلسلہ میں گزشتہ چند ماہ سے لوگوں میں دانستہ طور پر پھیلائی گئی بے چینی اور کنفیوژن کا خاتمہ ہوسکے یہاں جاری کیے گئے ایک بیان میں لیگی رہنما نے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ عوام بڑے حوصلے اور جذبوں کے ساتھ اپنی تمام تر توانائیاں دوبارہ مجتمع کرکے تباہ حال علاقوں کی تعمیر نو میں مصروف اور وزیر اعظم سردار عتیق خان کی حکومت کی جانب سے متاثرین کی بحالی اور آباد کاری کی کارروائیوں کوچیلنج کے طور پر لیے جانے کے اعلانات پر خاصے مطمئن تھے کہ اعلیٰ حکومتی عہدہ پر بالکل عارضی طورپر متمکن ایک فرد کے غیر ذمہ دار انہ اور عاقبت اندیشانہ بیان نے ان کی تشویش اور پریشانیوں میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے جس کا وزیر اعظم سردار عتیق اور مسلم کانفرنس کی پارلیمانی پارٹی کو فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے اور اپنے بیرون ملک دورے کے دوران ہی دریں بارہ پالیسی سٹیٹمنٹ وزیر اعظم کی جانب سے فوری طور پر جاری کردی جانی چاہیے اور آئندہ کے لیے کابینہ کے ارکان پر معلومات اور حقائق جانے بغیر بیانات جاری کرنے پر بھی پابندی لگادینی چاہیے انہوں نے کہا کہ عتیق حکومت نے برسر اقتدار آنے کے بعد زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے قابل قدر کام کیا ہے اور حالیہ بیرون ملک دورے کے دوران بھی انہوں نے بیرن ملک بسنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں کو آگے بڑھ کر اس سلسلہ میں جاری امدادی سرگرمیوں میں فراخدلانہ حصہ لینے کی اپیل اور دریں بارہ ان کی امداد طلب کی ہے جس کے اس جاندار کردار کے پیش نظر یہاں کے عوام کو بالکل پرسکون رہنا چاہیے اور کسی دیگر جانب سے دیئے جانے والے اوٹ پٹانگ بیانات پر ہرگز کان نہیں دھرنے چاہئیں ۔