ملکی سلامتی کے لیے مضبوط معیشت کا قیام ناگزیر ہے‘ محمد میاں سومرو

جمعہ 22 ستمبر 2006 13:28

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر 2006 ) قائمقام صدر محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے قوم میں یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے انہوں نے معاشرے کے مختلف طبقوں پر زور دیا ہے کہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ملکی سلامتی کے لیے مضبوط معیشت اچھی تعلیم اور ترقی یافتہ سماجی شعبہ کے قیام میں مدد دیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس کالج میں ساتویں قومی سلامتی ورکشاپ کی تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کمانڈنٹ این ڈی سی لیفٹیننٹ جنرل رضا محمد خان نے بھی خطاب کیا قائمقام صدر محمد میاں سومرو نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ این ڈی سی قوم کے لیے پالیسی سازی میں معاون ادارہ ثابت ہو گا انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو سائنس‘ ریاضی‘ میڈیسن اور جغرافیہ میں ماضی کے اہداف اور کامیابیاں ذہن میں رکھتے ہوئے ایک بار پھر ان شعبوں میں تحقیقی کام کرنا ہو گا ورکشاپ میں پارلیمنٹیرین‘ صحافیوں‘ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر سے مختلف افراد کے علاوہ ضلعی ناظمین نے بھی شرکت کی بعد ازاں سیکٹر آئی فور ٹین تھری میں فیڈرل گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر محمد میاں سومرو نے کہاکہ خواتین کو معاشرے میں اہم مقام دلانے کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی سہولتیں دلائیں جائیں رکن قومی اسمبلی آسیہ عظیم اور محکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے محمد میاں سومرو نے کہاکہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے جتنا بھی پیسہ خرچ ہو گا حکومت فراہم کرے گی رکن اسمبلی آسیہ عظیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی حالت بہتر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی سے اس کالج کے لیے پانچ کروڑ روپے کا فنڈز منظور کرائے تھے اور اب کالج کا سنگ بنیاد رکھا جا رہاہے اب وہ جلد ہی اس علاقے میں ڈگری کالج بھی بنوائیں گی قبل ازیں قائمقام صدر محمد میاں سومرو نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کی آبادی کل آبادی کا نصف ہے اور ملک کی ترقی کے لیے انہیں تعلیم سے روشناس کرانا ضروری ہے انہوں نے کہاکہ اس مقصد کیلئے اساتذہ کو بھی رغبت دینا اور ان کے حالات کار کو بہتر بنانا ضروری ہے محمد میاں سومرو نے کہاکہ حکومت کی جانب سے صحت اور شہری سہولیات میں بھی اضافے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے آسیہ عظیم چوہدری کی تعلیم اور شہری سہولیات کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا قبل ازیں رکن قومی اسمبلی آسیہ عظیم نے بتایا کہ چھ کروڑ روپے کی لاگت سے مدینتہ الحجاج کے قریب تعمیر کیا جانے والا گرلز ہائی سکول عرصہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہو جائے گا جس کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے نواحی علاقوں کی بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے دور نہیں جانا پڑے گا انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کے نزدیک پانچ انڈر پاس تعمیر کئے جا رہے ہیں اور صحت کی سہولیات میں اضافے کے لیے پانچ ڈسپنسریاں بھی قائم کی جا رہی ہں اس کے علاوہ وزیراعظم شوکت عزیز نے اسلام آباد میں ہوم اکنامکس کالج کی بھی منظوری دیدی ہے- اس سے قبل قائمقام صدر نے سیکٹر آئی 14 میں سکول کا سنگ بنیاد رکھا تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم جاوید اشرف قاضی اور ممتازمسلم لیگی رہنماء عظیم چوہدری نے بھی شرکت کی-

متعلقہ عنوان :