کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی برقرار، 10100 کی نفسیاتی حد عبور ہوگئی

جمعرات 21 ستمبر 2006 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2006ء) سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر حصص کی خریدرای کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا جس کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو شروع ہونے والی تیزی جمعرات کو بھی جاری رہی۔ تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈکس میں 122.53 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مجموعی انڈکس 10032.57 پوائنٹس سے بڑھ کر 10155.10 پوائنٹس ہوگیا۔

تیزی کے باعث جمعرات کو نئے کے ایس ای 30 انڈکس میں 168.15 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 30 انڈکس بڑھ کر 12668.15 پوانٹس ہوگیا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 31 ارب 65 کروڑ 18 لاکھ 95 ہزار 650 روپے کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 27 کھرب 89ارب 98 کروڑ 91 لاکھ روپے سے بڑھکر 28 کھرب 31 ارب 64 کروڑ 10 لاکھ 34 ہزار روپے سے تجاوز کرگیا۔

(جاری ہے)

تیزی کے باعث جمعرات کو حصص کی خریداری میں زبردست اضافے کا رجحان رہا، کاروباری حجم 47.73 فیصد زائد رہا۔

جمعرات کو مجموعی طور پر 327 کمپنیوں کے 17 کروڑ 55 لاکھ 99 ہزار 160 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز 11 کروڑ 88 لاکھ 57 ہزار 720 حصص کا کاروبار ہوا تھا۔ 56 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ کاروباری سرگرمی کا دائرہ کار 327 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں سے 184 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 108 کمپنیوں کے دام میں کمی اور 35 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کاروبار کے لحاظ سے ایم سی بی بینک 2 کروڑ 68 لاکھ 45 ہزار، نیشنل بینک 2 کروڑ 63 لاکھ 52 ہزار، ڈی جی خان سیمنٹ ایک کروڑ 43 لاکھ 89 ہزار، پاک پیٹرولیم ایک کروڑ 28 لاکھ 34 ہزار، پکک ایک کروڑ 21 لاکھ 94 ہزار اور بینک الفلاح 49 لاکھ 15 ہزار حصص کے کاروبار سے سرفہرست رہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے وائیتھ پاکستان کے بھاؤ 98 روپے اور نیشنل ریفائنری کے بھاؤ 13.65 روپے بڑھ کر بالترتیب 2340 روپے اور 286.70 روپے ہوگئے، جبکہ نمایاں کمی سیمینز انجینئرنگ اور عارف حبیب کے حصص کے بھاؤ میں رہی جن کے دام 20 اور 10 روپے کم ہوکر بالترتیب 975 روپے اور 550 روپے ہوگئے۔