بھون گروپ کی تحقیقات میں سی بی آر کے 10 افراد معطل کئے گئے، عبداللہ یوسف

جمعرات 21 ستمبر 2006 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2006ء) سنٹرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین عبداللہ یوسف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا ہے کہ بھون گروپ میں انکم ٹیکس کی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں اور اس کی تحقیقات کے دوران سی بی آر کے دس افراد کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سی بی آر کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ چیئرمین سی بی آر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بتایا کہ بھون گروپ کی سات کمپنیوں کی جانب سے ٹیکسوں میں بے قاعدگیوں پر محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے اور گروپ کے چیئرمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

عبداللہ یوسف نے سی بی آر کے بارے میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ ادارہ ٹیکسوں کے نئے نظام کے بعد اب ٹیسٹ آڈٹ کا نظام متعارف کرا رہا ہے جس کے تحت 13 زونل دفاتر قائم کئے جائیں گے اور ان میں گریڈ 21 کے افسران مقرر کئے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال میں 20 فیصد کے حساب سے سالانہ ٹیکسوں کی ادائیگیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سی بی آر کے چیئرمین نے کہا کہ آڈٹ نے 2.47 ارب روپوں کی عدم وصولی کی نشاندہی کی تھی جن میں سے 1.34 ارب روپے کی معروضات آڈٹ نے منظور کرتے ہوئے اسے ایڈجسٹ کیا ہے جو کل نقصانات کا 55 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے 567 ملین روپے کے معاملات عدالت میں ہیں۔