ماہ رمضان کی آمد، وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،مساجد، امام بارگاہوں، سبزی منڈی، پبلک اوردیگر حساس مقامات پر سیکورٹی سخت کر دی گئی، ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

جمعرات 21 ستمبر 2006 19:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2006ء) وفاقی دارالحکومت میں ماہ رمضان کی آمد پر خصوصی فول پروف سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے علماء کرام کے خصوصی تعاون سے مساجد، امام بارگاہوں، حساس مقامات، سبزی منڈی اور دیگر پبلک مقامات پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ اس سلسلے میں جمعرات کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، ایس ایس پی اسلام آباد سکندر حیات، اسپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ نے عبادت گاہوں کی سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کے لئے ماہ رمضان کے دوران ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نماز کے اوقات کار اور نماز تراویح کے دوران مسجد میں صرف ایک دروازہ استعمال کیا جائے گا، لاؤڈ سپیکر کی آواز کم رکھی جائے گی اور جمعہ کے خطبات میں مسلمانوں کے مابین باہمی اتحاد و یگاناگت کو فروغ دیا جائے گا ایسی تقاریر سے گریز کیا جائے جس سے فرقہ واریت کو تقویت ملے ۔

(جاری ہے)

مساجد کمیٹیاں اس بات کا خیال رکھیں گی کی عبادت کے اوقات میں ایک یا دو ذمہ دار نوجوان گیٹ پر موجود ہوں اور سیکورٹی کے لئے نگرانی کریں۔ علاوہ ازیں مساجد اور امام بارگاہوں کی کمیٹیاں پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی کا بھی اہتمام کریں گی۔ حفاظتی نکتہ نظر سے میٹل ڈٹیکر کا استعمال کیا جائے گا مساجد کے باہر روشنی کا خاص انتظام کیا جائے گا گاڑیوں کی پارکنگ، عبادت گاہوں سے دور ہونی چاہیے۔

احتیاطی تدابیر کے پیش نظر تھیلے وغیرہ عبادت گاہوں میں نہ لانے دیئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی کے لئے ضلعی انتظامیہ پولیس اور علماء کرام مل کر کام کریں گے۔ تاہم اس سلسلے میں علماء کرام اور مساجد کمیٹیاں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کا نمبر 9261504 ہے۔ ایس ایس پی اسلام آباد سکندر حیات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے ماہ رمضان کے دوران وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے خصوصی اور جامع فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں 90 فیصد پولیس فورس کو مساجد، امام بارگاہوں کی حفاظت کے لئے مامور کیا جاتا ہے جو نماز فجر سے نماز تراویح تک نگرانی و حفاظت کے فرائض سرانجام دیتے ہیں تاہم اس سلسلے میں علماء کرام سے بھی گزارش ہے کہ وہ ماہ رمضان میں انتظامیہ اور پولیس سے بھر پور تعاون کریں اور عبادت گاہوں کی سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کے لئے تھانہ سیول پر پورا تعاون کریں اور اس ضمن میں مساجد کمیٹیاں اور پرائیویٹ سیکورٹی کمپنیاں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں ماہ رمضان میں سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کیلئے سب ڈویژنل پولیس آفیسروں اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ اپنے اپنے علاقوں میں مشترکہ گشت کریں گے۔