40 سال سے کم عمر کے افراد کو عمرہ ویزے دینے کی پابندی کے بعدعمرے پر جانے والی فیمیلز کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعرات 21 ستمبر 2006 19:02

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر 2006 ) سعودی حکومت کی جانب سے 40 سال سے کم کم عمر کے افراد کو عمرہ ویزے دینے کی پابندی کے بعد ہر سال پاکستان سے عمرے پر جانے والی فیمیلز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ضمن میں کراچی ایوان تجارت وصنعت کے سابق نائب صدر اور ملک کے معروف صنعتکار عبدالرزاق اگر نے کہا کہ ہر سال سعودیہ کے فضائی سفر کے لئے ٹکٹوں میں اضافہ پریشان کن ضرور تھا لیکن سونے پر سہاگہ یہ کہ سعودی عرب حکومت نے پاکستان سے 40 سال تک عمر کے افراد کو عمرے ویزے فراہم کرنے پر پابندی لگادی ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح اللہ کے گھر جانے پر بھی پاکستانی مسلمانوں کو پابندی کا سامنا ہے۔ عبدالرزاق اگر نے کہا کہ ہم مسلمانوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کے دام بڑھ جاتے ہیں جبکہ مسلم ملک نہ ہونے کے باوجود بھارت میں رمضان کے مہینہ میں اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں کم کردی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج ٹور آپریٹرز کے لائسنس لاکھوں روپے میں فروخت کئے گئے ہیں اور اب عمرے اور حج کے لئے خدمت کا تصور ختم کرکے اسے تجارت بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ 40 سال سے کم عمر کے افراد باالخصوص شناختی کارڈ کے حامل افراد کو سعودیہ کے لئے ویزے دیئے جائیں۔