ہری پورکے پی ایف 51میں اساتذہ تبادلوں سے بے خوف فرائض انجام دے رہے ہیں

جمعرات 21 ستمبر 2006 18:19

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 )گزشتہ چار سالوں سے پی ایف ۵۱ ضلع ہری پور میں کام کرنے والے اساتذہ اپنے تبادلوں کے خوف سے بے نیاز ہو کر انتہائی محنت اور یکسوئی کے ساتھ اپنے تدریسی فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ وماہی پروری اختر نواز خان نے اپنے دفتر میں آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع ہری پور کے ایک نمائندہ وفد جس کی قیادت سید فقیر شاہ اور ازرم خان جدون کر رہے تھے‘ سے ملاقات میں کیا انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا ایک سے قابل احترام طبقہ ہے لیکن بدبختی سے 1985 کے الیکشن کے بعد تعلیمی اداروں میں سیاسی مداخلت نے تعلیمی نظام کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے انہوں نے کہا “ اس خرابی کو میں عرصہ دراز سے دیکھ رہا تھا لیکن اس کی بہتری کے لئے کچھ کر نہیں سکتا تھا جب 2002 کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تو میں نے اپنے حلقہ میں جہاں کروڑوں روپے کے نئے تعلیمی ادارے قائم کئے وہاں انتقامی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنے کسی بھی مخالف ٹیچر کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا میں نے چار سالہ دور میں صرف باہمی تبادلے اور خالی پوسٹوں پر ایڈ جسٹمنٹ کی میں نے بہترین حکمت عملی کے ساتھ چار ہزار اساتذہ کو ایڈجسٹ کیا جس سے ڈیپارٹمنٹ والے بھی حیران ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ محکمہ تعلیم کے افسران چھان بین اور احتیاط کے ساتھ تبادلے کریں تو کوئی ٹیچرڈسٹرب نہیں ہوتا اگر ٹیچر کو گھر کے قریب اسٹیشن پر لگایا جائے تو وہ نہ صرف یہ کہ مطمئن ہوتا ہے بلکہ بچوں کوتعلیم بھی دینے میں کوتاہی نہیں کرتا “ اس موقع پر انہوں نے تمام منتخب نمائندوں سے بھی خصوصی درخواست کی کہ وہ بھی بچوں کے بہتر مستقبل کی خاطر محکمہ تعلیم میں مداخلت نہ کریں اور انتقامی کاروائیوں سے گریز کریں اس موقع پر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی وزیر کی مثبت سوچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جہاں آپ نے ہری پور میں درجنوں سکولز کالجز قائم کر کے بچوں کو ان کی د ہلیز پر تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ پورا کیا وہاں اس سے سینکڑوں اساتذہ کو روزگار بھی مہیا ہو انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت ٹیچنگ الاؤنس کا نوٹفیکیشن کرکے اساتذہ میں پائی جانے والی تشویش کا ازالہ بھی جلد ہی کر دے گی صوبائی وزیر نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔