وزیر اعظم کا رمضان پیکج غریب عوام کے ساتھ مذاق ہے‘ بابر اعوان،وفاقی حکومت جس کے پاس سینٹرل پرائس کنٹرول سسٹم تک موجود نہیں وہ کس طرح رمضان المبارک کے دوران اشیائے صرف کی قیمتوں پر قابو رکھ سکتی ہے‘پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری فنانس کا پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب

جمعرات 21 ستمبر 2006 17:29

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری فنانس ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ رمضان پیکج کو غریبوں ، تنخواہ دار طبقے اور روزہ داروں سے مذاق اور ٹوپی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیکج بھی چینی سستی کرنے کے لیے سبسڈی پیکجز جیسا ہے جس سے چند امیر مزید امیر ہوگئے تھے اور سستی چینی کی دستیابی غریب عوام کے لیے ابھی بھی ایک خواب ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں ہفتے نہیں صرف گھنٹے باقی ہیں ایسے میں وفاقی حکومت جس کے پاس سینٹرل پرائس کنٹرول سسٹم تک موجود نہیں ہے وہ کس طرح اشیاء خوردونوش اور رمضان المبارک میں گھریلو استعمال کی چیزوں کی قیمتوں پر قابو رکھ سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے بجٹ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ پورے ملک میں یوٹیلٹی سٹورز کا جال بچھادیں گے لیکن چند منتخب دکانداروں کو فیئر پرائس شاپس قرار دیکر حکومت نے صارفین کے ساتھ سنگین مذاق کیا اور بجٹ سے لے کر آج تک چار ماہ گزرنے کے بعد ایک یوٹیلٹی سٹور بھی نہیں بنایا جاسکا ۔ سٹیٹ بینک کی گورنر شمشاد اختر کی گزشتہ ماہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اشیائے صرف کی قیمتوں میں عدم استحکام ‘افراط زر اور مہنگائی میں اضافہ کا اعتراف کیا تھا اور کہا کہ حکومت غریبوں کو رمضان کے دوران ریلیف دینے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ اگر حکومت اشیاء صرف کو ذخیرہ کرتی اور پھر انہیں سبسڈی دیکر فروخت کے لیے پیش کرتی تب تو صارفین کو براہ راست فائدہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ شرف فریدی کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں متعلقہ ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کی نگرانی اور منشا کے بغیر مجسٹریٹ متعین نہیں کیے جاسکے اس لیے رمضان سر پر آنے کے بعد مجسٹریٹوں کی تعیناتی کا اعلان کھلی دھوکہ دہی ہے ۔ ذخیرہ اندوزوں نے ملک بھر میں تمام اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرلی ہیں اور قیمتوں میں بھی سو گناہ اضافہ کردیا ہے سرکار کے بیورو آف شماریاتی ادارے ایس پی آئی نے جائزہ پیش کیا ہے کہ پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ڈبل ڈیجٹ تک (دو گنا اضافہ ہوچکا ہے )۔