بلوچستان کی ترقی وخوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ شیر پاؤ

جمعرات 21 ستمبر 2006 16:44

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر 2006 ) بلوچستان کی ترقی و خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم نے موجودہ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لئے ریکارڈ فنڈز بلوچستان کے لئے مختص کئے ہیں تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند ہو۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ نے وزارت داخلہ میں بلوچستان کے گورنر اویس احمد غنی سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ چوہدری ظفر اقبال وڑائچ اور سیکرٹری داخلہ سید کمال شاہ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال تسلی بخش ہے، 13 ضلعوں کو بی ایریا سے اے ایریان میں تبدیل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی اضلاع کو اے ایریا میں تبدیل کنے کرنے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل جاری رہے گا اور تمام ترقیاتی منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت کی رٹ قائم کی جائے گی اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز بلوچستان کی ترقی کے لئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں بلوچستان کے گورنر اویس احمد غنی نے وزیر داخلہ کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کے علاوہ بلوچستان میں جدی ترقیاتی منصوبوں سے آگاہی فراہم کی۔، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور بلوچستان کی ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :