راولپنڈی ، پونچھ ہاؤس میں بم کی افواہ پر کھلبلی مچ گئی

جمعرات 21 ستمبر 2006 16:19

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 )چھاؤنی کے معروف ترین کاروباری مرکز صدر آدم جی روڈ پر واقع قدیمی اور سب سے بڑے کمرشل و رہائشی پلازہ پونچھ ہاؤس میں اس وقت ہل چل مچ گئی جب نامعلوم ٹیلی فون کال کے ذریعے کینٹ پولیس کو اطلاع دی گئی کہ پونچھ ہاؤس میں طاقتور بم نصب ہے جو کچھ ہی دیر بعد پھٹ جائے گا نامعلوم کال پر ایس پی او تھانہ کینٹ اور ایس ایچ او بھاری نفری اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ہنگامی کال پر قانون نافذ کرنے والے حساس اداروں کی سرچ ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ اور ایبمولینس سروس کو بھی طلب کیا گیا تھا پولیس کی بھاری نفری نے پونچھ ہاؤس کو چاروں اطراف سے گھیر کر مکمل ناکہ بندی کردی جبکہ ایس ایچ او کینٹ نے لاؤڈ سپیکر پر اعلانات کرکے پلازے کے دفاتر میں موجود ملازمین اور رہائشی فلیٹس کے مکینوں کو پلازے سے فوری باہر نکلنے کی اطلاع دی اس موقع پر پونچھ ہاؤس کی پارکنگ کے علاوہ آدم جی روڈ پر کھڑی گاڑیاں بھی فی الفور ہٹادی گئیں جبکہ سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے پلازے میں واقع تمام دفاتر اور رہائشی فلیٹس کی مکمل تلاشی لی تاہم یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس یا سول ڈیفنس کے پاس ذاتی ایکسپلوسوز ڈٹیکٹر موجود نہ تھا جس پر سپیشل برانچ سے رابطہ کیا گیا تاہم سپیشل برانچ کا اہلکار تقریباً 45منٹ کی تاخیرس ے جائے وقوعہ پر پہنچا اڑھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد پلازے کو کسی بھی دھماکہ خیز مواد سے پاک قرار دے دیا گیا واضح رہے کہ پونچھ ہاؤس بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور سمیت مجموعی طور پر دس منازل میں تقریباً 60خاندان رہائش پذیر ہیں جبکہ باقی تمام عمارات میں پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی بی کے علاوہ دیگر پرائیویٹ کمپنیوں اور اداروں کے دفاتر اور کمپیوٹر و الیکٹرانکس کی دکانیں ہیں ۔