حاصل پور کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت 20 کروڑ روپے لاگت سے نئی پائپ لائن بچھائے گی صوبائی وزیر کرنل(ر) شجاع خانزادہ کی حاصل پور کے شہریوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 21 ستمبر 2006 15:39

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 ) صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی معائنہ ٹیم کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں پانی کی پرانی و بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے کے علاوہ نئی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں تا کہ لوگو ں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے- حکومت ایشیئن ترقیاتی بنک کی معاونت سے حاصل پور کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے 20 کروڑ روپے لاگت سے نئی پائپ لائن بچھائے گی-اس امر کا اظہار انہو ں نے گذشتہ روزاپنے دفتر میں حاصل پور کے شہریوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا- صوبائی وزیر نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ پینے کے پانی کی فراہمی کی سکیم کے ٹینڈر موصول ہو چکے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع ہو جائے گا -وفد کے ارکان نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ تحصیل حاصل پور میں ڈسپنسریوں اور سکولوں کی حالت بہت خراب ہے جس پر صوبائی وزیر نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور چیف منسٹر ایکسلیریٹڈپروگرام کے تحت سکولوں ، ڈسپنسریوں اور ڈرینج سسٹم کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے -

متعلقہ عنوان :