کیف نمائش کی کامیابی‘ 50 غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کرلیا

جمعرات 21 ستمبر 2006 15:16

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر 2006 ) پہلی ’کیف‘ نمائش کی بے مثال کامیابی اور شہریوں کی جانب سے کی گئی الیکٹرانکس مصنوعات اور سیل فون کی خریداری نے بیرونی الیکٹرانکس اور موبوئل فون کمپنیو ں کو چونکا دیا ہے اور 50 سے زائد غیرملکی الیکٹرانکس وموبائل کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں کراچی الیکٹروانکس ڈیلرزایسوسی ایشن(کیڈا) کے جنرل سیکریٹری سید فیصل رضا عابدی نے بتایاکہ غیر ملکی 50 سے زائد کمپنیوں نے کیف نمائش کی فقیدالمثال کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے جبکہ 8ممالک نے پاکستان میں تعینات اپنے سفارتکاروں سے کہا ہے کہ وہ آئندہ ’کیف‘ نمائش میں شرکت کریں۔

فیصل رضاعابدی نے حکومت اور ایکسپورٹ پروموشن بیورو (ای پی بی) سے مطالبہ کیا ہے کہ دوسری کیف نمائش کے انعقاد کیلئے کراچی ایکسپورٹ سینٹر میں تقریبا8 ہالزکی ضرورت ہوگی جس کے لئے 2نئے ہالوں کی فوری تعمیر شروع کی جائے تاکہ ہم آئندہ سال 8 ہالوں میں کیف نمائش کا انعقاد کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کیف کی کامیابی عبد الوحید میمن یا فیصل رضا عابدی کی کامیابی نہیں بلکہ یہ تمام الیکٹروانکس ڈیلرز، کمپنیوں، موبائل فون ڈیلرز اور کمپنیوں، شہرکراچی، سندھ اور پاکستان کی کامیابی ہے، ہم نے شفاف طریقے سے قرعد اندازی کرکے جیتے گئے انعامات حقداروں تک پہنچا دیئے ہیں جبکہ آئندہ کیف نمائش میں 25 کاریں اور 50 موٹرسائیکلیں انعام دیئے جائیں گے۔

انہوں نے دعوی کیاکہ پہلی کیف نمائش میں30 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے اور 70 تا 80 کروڑ روپے کی خریداری کی گئی جبکہ کریڈٹ کارڈ سے کی جانے والی خریداری الگ ہے۔انہوں نے بتایاکہ دوسری کیف نمائش کا انعقاد کااعلان عیدکے فورا بعدکیاجائے گا۔ جس میں کوشش ہے کہ جہیزپیکج بھی قرعداندزی کے ذریعہ دیاجائے گا۔ فیصل رضاعابدی نے کہا کہ ہمیں اس بات کی سب سے زیادہ خوشی ہے کہ ’کیف‘ پاکستان میں تجارت کے فروغ کاباعث بنی ہے جبکہ ماہرین نے کیف کو چائنا اوردبئی کے بعد تیسری بڑی نمائش قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :