تاجر استقبال رمضان المبارک قیمتوں میں اضافہ سے نہیں کمی سے کریں‘حمید الدین المشرقی

جمعرات 21 ستمبر 2006 14:32

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 ) قائد خاکسار تحریک حمید الدین المشرقی نے ماہ مقدس اور ماہ احتساب رمضان المبارک کی آمد پر خاکسار تحریک کی طرف سے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کرے کہ اس نے ایک اور افضل مہینہ عطاء کیا کہ وہ اس میں اپنا احتساب اور عبادت کریں ۔ حمید الدین المشرقی نے پاکستان بھر کے تاجروں ، دوکانداروں اور ریڑھی بانوں سے اپیل اور درخواست کی ہے کہ وہ اللہ اور محمدﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے استقبال رمضان المبارک میں قیمتوں میں اضافہ سے نہیں کمی سے کریں ۔

حمید الدین المشرقی نے مزید کہا کہ قیمتوں میں اضافہ کا سراسر بوجھ غریب عوام اور مزدور پیشہ افراد پر پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

قائد خاکسار تحریک نے خصوصی طور پر تاجروں سے اپیل کی کہ وہ غریبوں پر رحم کریں ، اللہ تعالیٰ انہیں اس کا اجر دے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاکسار تحریک لاہور کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں تاجروں سے ”قیمتوں میں اضافہ نہ کرو“ کے عنوان سے مظاہرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حمید الدین المشرقی نے کہا کہ حکمران طبقہ سے کسی خیر کی توقع نہیں لیکن تاجر برادری سے امید ہے کہ وہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر عوام الناس کیلئے باعث زحمت کی بجائے باعث رحمت بنیں گے اور روزمرہ خوردونوش کی اشیاء کی قیمتوں میں کسی صورت اضافہ نہ کرتے ہوئے کروڑوں عوام کی دعائیں لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تاجر خاکسار تحریک کی اپیل سن لیں تو یقین کریں کہ انہیں اس دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں اس کا اجر ملے گا۔

متعلقہ عنوان :