وفاقی دارالحکومت میں ہزاروں خواتین کا حدود آرڈیننس کی منسوخی کے لئے احتجاجی مظاہرہ

بدھ 20 ستمبر 2006 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2006ء) ملک بھر کی 30 کے قریب غیر سرکاری تنظیموں کے زیر اہتمام ہزاروں خواتین نے حدود آرڈیننس کے خلاف بھر پور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس کی فوری طور پر منسوخی کا مطالبہ کیا ہے خواتین نے حدود آرڈیننس میں حکومت کی طرف سے ترمیم کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں تحفظ حقوق خواتین بل پر بحث سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک کی ایک بھی مذہبی جماعت اس بل کو مکمل طور پر قابل عمل نہیں سمجھتی۔

دارالحکومت کے چائنا چوک سے پارلیمنٹ ہاؤس تک خواتین نے مظاہرہ کیا جس میں انہوں نے بڑی تعداد میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حدود آرڈیننس کی منسوخی حکومت اور متحدہ مجلس عمل کی طرف سے حدود بل میں کی گئی ترامیم کے خلاف نعرے درج تھے خواتین مظاہرین نے حدود آرڈیننس میں ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مکمل طور پر مکمل منسوخی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ گزشتہ 27 سال قبل متعارف کروائے جانیوالے اس آرڈیننس کی وجہ سے خاتین خاص کر غریب طبقہ کی خواتین سے سخت ناانصافی ہو رہی ہے۔ جنرل ضیاء الحق کا نافذ کیا گیا یہ قانون سراسر اسلام کی روح کے منافی ہے اس لئے اس میں ترمیم کرنے کی بجائے اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ مظاہرہ کا اہتمام ملک بھر کی 30 کے قریب مختلف این جی اوز نے کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :