جے یو آئی(ف) انتخابات ،مولانا فضل الرحمان بلا مقابلہ امیر جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری کثرت رائے سے جنرل سیکرٹری منتخب

بدھ 20 ستمبر 2006 21:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2006ء)جمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی انتخابات میں مولانا فضل الرحمان بلا مقابلہ امیر جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری کثرت رائے سے جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے جے یو آئی(ف) کے انتخابات نوشہرہ کے جامعہ تحسین القرآن نوشہرہ میں منعقد ہوئے اجلاس میں ملک کے چاروں صوبوں،شمالی اور قبائلی علاقہ جات سے جنرل کونسل کے 13 سوسے زائد مندوبین نے شرکت کی اجلاس میں قائد حزب اختلاف مولانا فضل الرحمان،مولانا عبدالغفور حیدری،وزیراعلیٰ سرحد اکرم خان درانی،بلوچستان اسمبلی کے سپیکر جمال شاہ کاکڑ،سرحد کے صوبائی وزراء مولانا فضل علی حقانی،حافظ اختر علی،آصف اقبال داؤدزئی،قاری محمود،مولانا عصمت الله،بلوچستان کے صوبائی وزراء مولانا عبدالواسع،حافظ حسین احمد شروری جے یو آئی بلوچستان کے امیر مولانا محمد خان شیرانی نے بھی شرکت کی اجلاس میں صرف خصوصی تنظیمی کارڈ کے حامل مرکزی جنرل کونسل کے اراکین کے علاوہ کسی اور کو اندر جانے نہیں دیا گیا انتخابی عمل سے قبل جے یو آئی کے مرکزی ناظم انتخابات سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرونے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں میں 14 لاکھ 38 ہزار رکنیت ساری ہوئی ہے اور رکنیت فیس کی مد میں ایک کروڑ 43 لاکھ 81 ہزار 560 روپے فنڈ جمع کئے گئے جے یو آئی (ف)کے آئین دستور کے مطابق صرف دو عہدوں امیر اور جنرل سیکرٹری کیلئے انتخاب کیا گیا جنرل کونسل کے ارکان امیر اور جنرل سیکرٹری کے انتخاب کے لئے دو مختلف رنگوں کے الگ الگ بیلٹ پیپرزدیے گئے اجلاس کے دوران جب امیر کے عہدے کے لئے نام طلب کیا گیا تو ہال میں موجود ارکان کی اکثریت نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر مولانا فضل الرحمان کا نام پیش کیا اس دوران ہال میں مولانا فضل الرحمان زندہ باد کے نعرے بلند ہوئے جبکہ ان کے مقابلے میں کسی اور کا نام سامنے نہیں آیا اور مولانا فضل الرحمان کے بلا مقابلہ امیر منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لئے پانچ نام پیش کئے گئے جن میں مولانا عبدالغفور حیدری،حافظ حسین احمد ڈاکٹر خالد محمود سومرو،مولانا گل نصیب خان،مولانا عبدالقیوم ہالیجوی،اور عبدالحمید لنڈ شامل تھے واضح رہے کہ مولانا گل نصیب خان اور حافظ حسین احمد اجلاس میں شریک نہیں تھے باقاعدہ خفیہ رائے شماری کے بعد مولانا عبدالغفور حیدری کے بحیثیت جنرل سیکرٹری ہونے کااعلان کیا گیا جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کی خصوصی ہدایات اور دعا کے بعد اجلاس ختم کردیا گیا ۔