وزیر اعظم شوکت عزیز سے مارویبنی کارپوریشن کے سینئر ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ کازوکو سکاموٹو کی ملاقات، معیشت اور نجکاری کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

بدھ 20 ستمبر 2006 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2006ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان 16 کروڑ آبادی کے ساتھ ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں خصوصاً بجلی، توانائی، ریلوے، آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں بہت گنجائش موجود ہے۔ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی کی بدولت دنیا بھر سے کاروباری افراد تیزی سے پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔

وہ بدھ کو یہاں ماروبینی کارپوریشن کے سینئر ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ کازوکو سکاموٹو سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ ان سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کی بنیاد نجکاری اور آزدانہ و شفاف پالیسیوں پر رکھی گئی ہے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے نے زبردست ترقی کی ہے ملک میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 37 ملین سے تجاوز کر چکی ہے وزیر اعظم نے کہا کہ مجموعی ترقی میں تیزی کے ساتھ ملک میں بجلی کی کھپت میں بہت تیزی سے اضافہ ہواہے پاکستا میں بجلی کی ضروریات 10 سے 12 فیصد سالانہ کے حساب سے بڑھ رہی ہیں اس لئے حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنیوالوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے معیشت کا ایک جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں تیل کی قیمت میں اضافے کے باوجود پاکستانی معیشت نے روز افزوں ترقی کی ہے حکومتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان ایشیا کی بھرتی ہوئی معیشت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ مستحکم ہیں۔ مہنگائی پر قابوپایا جا رہا ہے علاوہ ازیں کریڈٹ ریٹنگ اور بیلنس آف پیمنٹ کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران پاکستانی معیشت کا حجم بڑھ کر دوگنا ہوگیا ہے فی کس آمدنی جو ترقی کا مرکزی نقطہ ہے اس میں پہلے کی نسبت بہت تیزی آئی ہے فی کس آمدنی میں 13.9 فیصد اضافہ ہوا ہے 2003ء میں فی کس آمدنی 582 ڈالر سالانہ تھی جو 2006ء میں بڑھ کر 847 ڈالر سالانہ ہوگئی ہے غربت کی شرح میں تیزی سے کمی آ رہی ہے 2002-05ء کے عرصہ میں سوا کروڑ عوام کو غربت کے چکر سے نکالا گیا۔ کازوکوسکاموٹو نے ملک کی ابھرتی ہوئی معیشت پر حکومتی کارکردگی کی تعریف کی انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔