صدر مشرف کی پالیسیوں کی وجہ سے سیاسی نظام مستحکم ہوا ہے‘ امیر حسین

بدھ 20 ستمبر 2006 18:01

سیالکوٹ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) سپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی افراتفری اب زیادہ نہیں چل سکتی عوام باخبر اور خود فیصلہ کرنے والے ہیں لہٰذا اب ان کو ورغلایا نہیں جا سکتا۔ وہ گزشتہ روز یہاں اپنے حلقہ انتخاب کے نواحی علاقوں میں دورہ کے دوران مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری امیر حسین نے کہا کہ صدر مشرف امریکہ میں اپنے دورہ کے دوران صدر بش کو تحفظ حقوق نسواں بل اور شمالی وزیرستان کے حوالے سے بریفنگ دیں گے دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں علاقائی امور پر بات چیت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں داخلی طور پر سیاسی افراتفری کی فضاء قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ملک کے لئے اچھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں صدر مشرف نے جو مضبوط جمہوریت متعارف کروائی اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج صدر مشرف کی پالیسیوں کی بدولت پاکستان اندرونی اور بیرونی سطح پر مضبوط ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں آئین کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے اور اپوزیشن کو ماضی کی بدولت بہت زیادہ وقت دیا جا رہا ہے جو کہ اپوزیشن والے ہی اقرار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مشرف نے جہاں پاکستان میں جمہوریت کو نیا انداز دیا ہے وہاں پر میڈیا کو حقیقی معنوں میں آزاد کر دیا ہے آج مشرف کے تاریخی کردار کی وجہ سے ملک میں سیاسی نظام مستحکم بنیادوں پر استوار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت دیگر مسئلے بھی حل کرنے ہوں گے۔