سردار عتیق احمد کی کوششوں سے مسلم کانفرنس نے بلوچ میں 15 سال بعد کامیابی حاصل کی‘ فاروق طاہر

بدھ 20 ستمبر 2006 17:59

مظفر آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی شکایات ایرا کے ذریعے حل کروائیں گے۔ سردار عتیق احمد کو مسلم کانفرنس کی پارلیمانی پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ بلدیاتی انتخابات وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کی خواہش کے مطابق موسم کی صورتحال کے پیش نظر کرائیں گے۔

کوآپریٹو کے قرضہ جات کی معافی سے عوام پر سے بڑا بوجھ ہلکا ہوا ہے۔ عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آئے ہیں لوگوں کی مشکلات حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار عتیق احمد خان کی محنت اور کوششوں سے حلقہ بلوچ سے پندرہ سالوں کے بعد مسلم کانفرنس نے کامیابی حاصل کی لوگوں نے بنیادی طور پر سردار عتیق احمد خان کو جوش اور جذبہ کے تحت ووٹ دے کر منتخب کیا۔

(جاری ہے)

مسلم کانفرنس کی حکومت کی اولین ترجیح متاثرین زلزلہ کی بحالی اور تعمیر نو ہے مسلم کانفرنس کی پارلیمانی پارٹی کی سردار عتیق احمد خان کو حمایت حاصل ہے۔ وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں اور دیگر علاقوں کے لوگوں کے کوآپریٹو قرضہ جات معاف کئے۔ لوگوں کو صحت کی سہولیات دیں عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آئے ہیں لوگوں کی خدمت کریں گے۔ وزیر اعظم نے برسلز سے سندھ کے علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ عوام کے لئے ادویات کی فراہمی اور امدادی ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حلقہ انتخاب بلوچ کے لئے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی اس سے 7 صارفین کو نئے کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔