سرحد حکومت کی جانب سے جاپان کوسیاحت ‘آثار قدیمہ اور عجائبات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

بدھ 20 ستمبر 2006 17:42

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 )صوبہ سرحد کے وزیر ثقافت ‘ سیاحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی حسین احمد کانجو نے حکومت جاپان کو دعوت دی ہے کہ وہ دوسرے شعبوں کی طرح سیاحت ‘آثار قدیمہ اور عجائبات کے شعبوں میں بھی سرمایہ کریں کیونکہ صوبہ سرحد میں صدیوں پرانے گندھارا آرٹ کے اثرات موجود ہیں اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں ان خیالات کا اظہار انہو ں نے نشتر ہال پشاور میں جاپان چلڈرن آرٹ اور تقریری مقابلوں سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جن کا اہتمام پاک جاپان کلچرل ایسوسی ایشن صوبہ سرحد اور پاکستان میں جاپانی سفارتخانے نے مشترکہ طور پر کیا تھا اس موقع پر دوسروں کے علاوہ جاپانی سفارتخانے کے تھرڈ سیکرٹری مسٹر میزوکامی نے بھی خطاب کیا اور مذکورہ ایونٹ کے انعقاد پر تفصیلی روشنی ڈالی آرٹ مقابلے کا موضوع پاکستان کا فیوچر ویژن اور تقریری مقابلے کا موضوع پاک جاپان تعلقات اور اکیسویں صدی کے چیلنجز تھا مقابلوں میں پشاور کے مختلف سکولوں کے بارہ تا چودہ سال کے اکتالیس بچوں نے حصہ لیا صوبائی وزیرنے کہا کہ ہمارا بڑا قومی المیہ جہالت اور ناخواندگی ہے جسکی وجہ سے غربت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور کرپشن کا کلچر فروغ پا رہا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے میں خواندگی بالخصوص خواتین کی شرح خواندگی میں اضافہ کرنے کی کوششیں کی جائیں کیونکہ تعلیم یافتہ ماں کی گود میں پرورش پانے والے بچے بہتر تعلیم و تربیت کے حامل ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی حکومت گزشتہ چار سال سے تعلیم عام کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہیں انہو ں نے سیاحت‘ آرکیالوجی اور میوزیم کے شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرحد میں اب تک آثار قدیمہ کے 69مقامات دریافت ہوئے ہیں جبکہ مزید ایسے 1600 غیر دریافت سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے لہٰذا حکومت جاپان کے لئے اس میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں قبل ازیں صوبائی وزیر نے مقابلے جیتنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے ۔