مولانا فضل الرحمن چوتھی مرتبہ جے یو آئی کے امیر منتخب ،ابھی پارلیمنٹ سے استعفوں کا وقت نہیں آیا جب تک اپوزیشن جماعتیں متحد نہیں ہوجاتیں حکمران اپنی مرضی مسلط کرتے رہیں گے انتخاب کے بعد اراکین شوریٰ سے خطاب

بدھ 20 ستمبر 2006 16:57

نوشہرہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورجمعیت علمائے اسلام(ف)کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ متحدہ اپوزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے جب تک تمام اپوزیشن متحد نہیں ہوجاتیں حکمران اپنی مرضی کرتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین نے کبھی بھی پرویزمشرف حکومت کے خلاف موثر کردار کا مظاہر ہ نہیں کیا ان خیالات کا اظہار مولانا فضل الرحمن نے بدھ کے روز نوشہرہ حکیم آباد میں جمعیت علمائے اسلام(ف)کے مرکزی انتخابات کے موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں اراکین شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مولانا فضل الرحمن کو بلامقابلہ چوتھی بار مرکزی امیر منتخب کرلیا گیا مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہر موقع پر پرویزمشرف حکومت کے خلاف تحریک چلانے سے راہ فرار اختیار کی جبکہ پرویزمشرف حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی بات شروع کی جاتی ہے تو بھی تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کے خلاف پیش کرتے ہیں کبھی حدودآرڈیننس پر حکومت کا ساتھ دیا جاتا ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے تحریک اعتماد کی مخالفت کی تھی کہ اس پر ہمیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی تحریک کی ناکامی پر پرویزمشرف حکومت کو بیرون ممالک میں اعتماد حاصل ہوگا ان کو پرویزمشرف حکومت پر پارلیمنٹ کا اعتماد نظر آئے گا انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ سے استعفوں کاوقت نہیں آیا موجودہ حالات میں استعفوں سے صوبہ سرحد اوربلوچستان میں گورنر راج کا خدشہ ہوگا اورمرکزمیں بھی آدھی اسمبلی ختم ہونے سے پرویزمشرف کو فائدہ پہنچا انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں اکبر بگٹی کی موت پر مگر مچھ کے آنسوبہانے والے درپردہ خوشیاں منارہے ہیں۔