پشاور‘ یونین کونسل تہکال پایاں کے ناظمین اور کونسلروں کی علاقے میں بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ پر مذمت‘ احتجاج کی دھمکی

بدھ 20 ستمبر 2006 16:16

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) یونین کونسل تہکال پایاں ون اور ٹو کے ناظمین اور کونسلروں نے علاقے میں بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہمکی دی ہے کہ اگر علاقہ کو پچیس ستمبر تک پروفیسر کالونی فیڈر سے منسلک نہ کیاگیا تووہ اپنے علاقے میں تمام بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیں گے ․بدھ کے روز پشاو رپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم یونین کونسل تہکال پایاں ون عطیف الرحمان خلیل, ناظم تہکال پایاں ٹو حسن خان خلیل اور ناظم یونین کونسل پاؤکہ کفایت خان نے کہا کہ پچاس ہزار سے آبادی پر مشتمل علاقہ تہکال پایاں کے عوام کو واپڈا کے ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ․روزانہ نو تا دس گھنٹے بجلی بند رہتی ہے جسکی وجہ سے معمول کی زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے انہوں نے بتایا کہ انکا علاقہ پجگی فیڈر اور پلوسئی فیڈر سے منسلک ہے اور چونکہ مذکورہ علاقوں کے لوگ واپڈا سے ورسک ڈیم کی رائلٹی مانگتے ہیں اور بجلی کے بل ادا نہیں کرتے اس لئے جواب میں واپڈا کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھتی ہے جس میں تہکال پایاں کے عوام مفت میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں انہو ں نے کہاکہ ہمارے علاقے کے لوگ باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیںعلاقے میں کوئی بھی غیر قانونی کنکشن نہیں ہے اسکے باوجود یہاں پر لوڈشیڈنگ کو جاری رکھنا ظلم عظیم ہے انہو ں نے کہاکہ ہم سے وعدہ کیاگیا تھا کہ ہمارے علاقے کو نئے تشکیل شدہ پروفیسر کالونی کے فیڈر سے منسلک کردیا جائیگا لیکن ایک مہینہ گزرنے کے باوجود حکومت نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور یہاں کے لوگ آج بھی اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انہو ں نے کہاکہ ہمارا علاقہ اربن ہے لیکن ہمارے ساتھ سلوک رورل علاقوں سے بھی بدتر کیا جارہا ہے انہو ں نے دہمکی دی کہ اگر پچیس ستمبر تک ہمارے علاقے کو پروفیسر کالونی کے فیڈر سے منسلک نہ کیاگیا تو وہ اپنے علاقے سے گزرنے والے بجلی کے 95پولوں کو اکھاڑ دیں گے جسکے بعد حالات کی تمام تر ذمہ داری واپڈا حکام پر عائد ہو گی نہو ں نے کہاکہ ہم پر امن لوگ ہیں او رکسی قیمت پر بھی امن و امان کی صورت حال خراب نہیں کرنا چاہتے لیکن اسکے باوجود حکومت اور واپڈا ہماری شرافت سے نا جائز فائدہ اٹھا رہے ہیں․بعد میں عطیف الرحمان کی قیادت میں علاقے کے ناظمین , نائب ناظمین اور کونسلروں نے پشاورپریس کلب کے باہر واپڈا کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اس موقع پر مطاہرین نے واپڈا کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔