کراچی،ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے 5 ہزار نئی سی این جی بسوں پر گیس رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ نائب ناظمہ نسرین جلیل

منگل 19 ستمبر 2006 19:28

کراچی (اُردو پو ائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2006ء) ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے کراچی میں 5 ہزار نئی سی این جی بسوں پر گیس سمیت دیگر رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس منصوبے کا وفاقی حکومت کو پی سی ون کی صورت میں منظوری کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ منظوری کے بعد منصوبہ پر آئندہ پانچ سال میں عملدرآمد ہوگا۔ یہ بات نائب سٹی ناظمہ نسرین جلیل نے منگل کو نیشنل فورم برائے انوائر مینٹل ہیلتھ کے زیر اہتمام تیسری انٹرنیشنل سی این جی کانفرنس کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ شہری حکومت کراچی میں ٹریفک کی آلودگی پر قابو پانے کے لئے گاڑیوں میں سی این جی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی پالیسی پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ اس لئے کراچی میں پانچ ہزار نئی سی این جی بسیں پانچ سال کی مدت میں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وفاقی حکومت پانچ ارب روپے کی امداد دے گی جو سی این جی بسیں متعارف کرانے والے آپریٹریز کو ٹیکس کی چھوٹ سمیت مختلف رعایت دینے کے نئے مرحلہ وار پانچ سال کے عرصہ میں جاری کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی این جی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں شہری حکومت نے سی این جی بسوں کے آپریشن کو سپورٹ کرنے کے لئے مختلف بسوں‘ ڈپوؤں اور ٹرمینلز میں نجی شعبہ کے تعاون سے سی این جی اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانی ڈیزل بسوں کو بھی مرحلہ وار سی این جی میں منتقل کرنے کے لئے جامع پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جائزے کے مطابق کراچی میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹریفک آلودگی کی صورتحال خطرناک ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ مختلف تجزیاتی رپوٹوں کے ذریعے ثابت ہوا ہے کہ انسانی صحت پر ٹریفک آلودگی کے برے اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ و کمیونیکشن نے ٹریفک آلودگی پر قابو پانے کے لئے فوری نوعیت‘ درمیانی مدت ایکشن اور طویل مدت ایکشن منصوبے بنائے ہیں جس پر جامع منصوبہ بندی کے ساتھ عمل کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں سندھ حکومت محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی آلودگی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے انہیں شہر سے مرحلہ وار ختم کرنے کی پروگرام پر عمل درآمد کیا گیا ہے فوری نوعیت کے اقدام کے طور پر 2 سڑوک کے نئے رکشوں کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔