خواتین کو ان کے جائز حقوق دیئے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی‘ وزیراعظم شوکت عزیز،اسلام کی طرف سے دیئے گئے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت پرعزم ہے‘ چوہدری شجاعت حسین اور مسلم لیگ کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت

منگل 19 ستمبر 2006 19:27

اسلام آباد (اُردو پو ائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ خواتین کو ان کے جائز حقوق دیئے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ اسلام کی طرف سے خواتین کو دیئے گئے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت پرعزم ہے۔ وہ منگل کے روز چوہدری شجاعت حسین اور مسلم لیگ کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت کر رہے تھے ملاقات میں تحفظ حقوق نسواں بل اسمبلی میں پیش کرنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں خواتین کے حوالے سے معاملات پر اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں سروسز میں خواتین کا کوٹہ بڑھانا، خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لئے مراعات دینا، خواتین کو اپنی آمدنی میں اضافے کے لئے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے بل کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے بارے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور تحفظ حقوق بل کے حوالے سے ان کے عزم کی تعریف کی۔

اس کے علاوہ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ کی قانون سازی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ، وفاقی وزیر قانون وصی ظفر، نجکاری و سرمایہ کاری کے وزیر زاہد حامد، قانون و انصاف کے وزیر مملکت شاہد اکرم بھنڈر، وزیر اعظم کے مشیر خاص کمانڈر ریٹائرڈ خلیل الرحمان ، سینیٹر وسیم سجاد اور دیگر رہنما شریک تھے۔