میڈیانے سماجی برائیوں پر رائے عامہ ہموار کرنے اور سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، گورنر سندھ

منگل 19 ستمبر 2006 19:10

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا، اسٹریٹ تھیٹر اور الیکٹرانک میڈیا نے سماجی برائیوں بالخصوص غیرت کے نام پر قتل جیسے رویوں پر رائے عامہ کو ہموار کرنے اور سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ’غیرت کے نام پر قتل‘ پر قائم کردہ ایڈوائزری کمیٹی نے دیہی سندھ اور جنوبی پنجاب میں اہم کارگزاری دکھائی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاروکاری پر منعقدہ نیشنل کانفرنس کی سہ روزہ تقریب میں اختتامیہ تقریر کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے سماجی برائی کے بارے میں عوام کے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد آپس میں گفت و شنید، کانفرنسز اور سیمینار کے ذریعہ اس موضوع پر رائے عامہ کی تعمیر اور شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں جوکہ ہمارے معاشرے میں سماجی شعور کی بیداری میں ایک خوش آئندہ عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے موضوع کو مذہبی اور روایتی حوالہ جات سے بھی مذموم اور غیر انسانی فعل قرار دیا گیا ہے۔ اس کانفرنس کے ذریعے اسلامی قانون کو مذہبی اسکالرز اور اسلامی فقہاء نے آپس میں مربوط کرنے کی مثبت کاوش کا آغاز کیا ہے۔ مختلف گروپوں میں منقسم مذہبی نظریات و مکتبہ فکر کے ایک پلیٹ فارم پر متحدہ ہونے کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بات ثابت ہوئی کہ کسی بھی اہم قومی مسئلہ پر بات چیت کرکے اسے مثبت راستہ سے باہمی حل تلاش کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کی تجاویز و آراء سے ہم قانون سازی کے بارے میں استفادہ حاصل کرسکیں گے اور عدلیہ کے لئے بھی معاون ثابت ہوگی، کانفرنس کے شرکاء میں برٹش ہائی کمشنر ہمیش ڈینیل، جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد و دیگر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :