Live Updates

غیر جانبدرانہ حکومت کی نگرانی میں انتخابات نہ ہوئے تو بائیکاٹ کر دیں گے‘ عمران خان

منگل 19 ستمبر 2006 19:04

پشاور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف کی ملک دشمن حکومت سے نجات دلانے کیلئے حزب اختلاف کی جماعتیں ابھی تک متحد نہیں ہو سکیں اور نہ استعفوں پر کوئی ڈیڈ لائن طے کر سکی ہیں لیکن بہرحال مشرف کو جانا ہو گا وگرنہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ جائے گا۔ پشاور کے نواعی علاقہ چکئی میں پاکستان تحریک انصاف کے تحت جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہم جلد ہی ملک کو امریکیوں کے ہاتھوں فروخت کرنے والوں کو اقتدار سے نکال پھینکیں گے مشرف کل نگران ہیں غیر جانبدرانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں کیونکہ گزشتہ دو انتخابات مشرف کی نگرانی میں ہو چکے ہیں اور دونوں میں انہوں نے عوام کی رائے کو پامال کرتے ہوئے اپنی مرضی کے لوگ اسمبلیوں اور مقامی حکومتوں میں داخل کرائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات غیر جانبدرانہ حکومت اور آزاد الیکشن کمیشن کے تحت نہ ہوئے تو ہم انتخابات کا بائیکاٹ بھی کر سکتے ہیں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ انصاف کی عدم فراہمی اور قانون کی پاسداری کا نہ ہونا ہے اور یہی تحریک انصاف کی جدوجہد کا بنیادی نکتہ ہے کہ ہم موقع ملنے پر انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی میں جہادی لوگ ملوث نہیں لیکن محض امریکہ کو خوش کرنے کیلئے مشرف نے ہزاروں لوگوں سے جیلوں کو بھر دیا ہے اور وزیرستان میں بھی محض امریکی خوشنودی کی خاطر بے گناہ قبائلی عوام جن میں بچے، عورتیں اور بوڑھے بھی شامل ہیں کا قتل عام کیا گیا اور آج خود انہی دہشتگردوں سے حکومت امن معاہدہ کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرستان کے سانحہ اور قتل و غارت گری کے اسباب اور ذمہ داری کے تعین کے لئے کمیشن مقرر کیا جائے جس کی رپورٹ بھی منظر عام پر لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے اور ظالموں کو اقتدار سے باہر نکال پھینکنے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا اور غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرنا ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات