ڈیرہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی مثال ماضی میں نہیں ملتی‘ حاجی عبدالرشید

منگل 19 ستمبر 2006 18:48

ڈیرہ اسماعیل خان (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) قائم مقام ضلعی ناظم ڈیرہ حاجی عبدالرشید دھپ نے کہا ہے کہ سرحد میں ایم ایم اے کی حکومت نے پسماندہ اوردور دراز علاقوں کی ترقی کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں اجتماعی مفاد عامہ کی سکیموں کو اولیت دی جا رہی ہے ضلع ڈیرہ میں مختلف شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع فتح میں ایک سڑک شاہراہ امیر حمزہ کے افتتاح کے موقع پر مقامی عمائدین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا منصوبے پر تقریباً 25 لاکھ روپے خرچ ہوں گے جس میں ایک کلو میٹر لمبی پختہ سڑک اور ایک نکاسی کے نالے کی تعمیر بھی شامل ہے یہ منصوبے رکن سرحد اسمبلی لطف الرحمان کے فنڈز سے مکمل کیا جا رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ہے۔ ڈیرہ کو گیس کی فراہمی کا کام بہت جلد شروع ہو گا۔ مسائل زیادہ ہیں تاہم وسائل بے حد کم ہیں اس لئے چیدہ چیدہ مسائل حل کر رہے ہیں سرحد حکومت کی کسان دوست زرعی پالیسی سے کاشتکاروں اور زمینداروں کو فائدہ پہنچے گا ڈیرہ میں 3 شوگر ملوں کے قیام سے کاشتکاروں کو گنے کے فصل کی ملوں کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔