مرتضیٰ بھٹو کے قاتلوں کو سزا ضرور ملے گی‘ بے نظیر بھٹو

منگل 19 ستمبر 2006 18:40

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن و سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے کہا ہے کہ میر مرتضیٰ بھٹو کے قاتل نہ صرف یہ کہ ظاہر ہو جائیں گے بلکہ انہیں قرار واقعی سزا بھی ملے گی۔ مرتضیٰ بھٹو کی 10 ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں بے نظیر بھٹو نے اپنے بھائی میر مرتضیٰ بھٹو کو زبردست خراج تہسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہادر اور جری انسان تھے جنہوں نے عوام کے آئینی حقوق کی جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ بھٹو کو سازش کے تحت شہید کیا گیا لیکن انہیں ہمیشہ ان کی ہمت و شجاعت اور فوجی ڈکٹیٹر شپ کا مقابلہ کرنے والے ایک جری انسان کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اپنی زندگی آزادی ‘ انسانی وقار اور پاکستانی عوام کیلئے وقف کر رکھی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے جلا وطنی کے کٹھن دن گزارے اور اس دوران انہوں نے اپنے بھائی شاہ نواز شہید کی جدائی کا غم بھی سہا اور وہ اپنے والد اور اپنے بھائی کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہ کر سکے کیونکہ وہ فوجی حکومت کے خلاف جدوجہد میں مصروف تھے۔

انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ بھٹو ایک پیار کرنے والا بھائی تھا انہوں نے اپنی آخری سانسوں تک اپنے عوام کے حقوق کی جدوجہد کی انہیں پیپلز پارٹی کی حکومت غیر قانونی طور پر برطرف کرنے کی سازش کرنے والوں نے شہید کر دیا۔ ان کے قاتل سمجھتے ہیں کہ وہ بچ گئے لیکن ان کے چہرے بھی ظاہر ہوں گے اور انہیں سزا بھی ضرور ملے گی۔ ان کو شہید کرنے کی سازش کا پردہ چاک ضرور ہو گا۔