دسمبر 2007ء تک صوبے کے تمام اضلاع میں گاڑیوں کی کمپیوٹر ائزڈ نمبر پلیٹوں کا کام مکمل کر لیا جائیگا ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

منگل 19 ستمبر 2006 18:20

لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ موٹر گاڑیوں کی کمپیوٹر ائزڈ نمبر پلیٹوں اور رجسٹریشن کے نئے نظام کا آغاز لاہور سے کر دیا گیا ہے اور تین ماہ کے اندر اس کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر بڑے شہروں گوجرانوالہ ‘فیصل آباد ‘راولپنڈی ‘ملتان اور بہاولپور تک پھیلا دیا جائیگا۔ دسمبر 2007ء تک صوبے کے تمام اضلاع میں گاڑیوں کی کمپیوٹر ائزڈ نمبر پلیٹوں کا کام مکمل کر لیا جائیگا جس سے گاڑیوں کی چوری کی واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز موٹر گاڑیوں کی کمپیوٹر ائزڈ نمبر پلیٹوں اور رجسٹریشن کے نئے نظام کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عبدالعلیم خان اور چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء “سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نذیر سعید اور سیکرٹری ایکسائز اینڈ یکسیشن جاوید اسلم اس موقع پر بھی موجود تھے ۔

وزیر اعلی نے کہا کہ موٹر ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت کمپیوٹر ائزڈ نمبر پلیٹوں اور رجسٹریشن کے منصوبے پر عملدرآمد سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور عوام کے قیمتی وقت کی بچت کے علاوہ رجسٹریشن کا نظام شفاف ہو گا۔ گڈ گورننس کے تقاضوں کے عین مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر کو مضبوط کیا جا رہا ہے اور ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات کی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے میں آئی ٹی سیکٹڑ کی ترقی کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 2.5بلین روپے کی لاگت سے سافٹ ویئر انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جار ہا ہے جس سے براہ راست 10ہزار ملازمتوں کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں بالواسطہ روز گار کے موقع فراہم ہونگے ۔ اس پارک میں کال سنٹرز ‘بزنس پراسس سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں جس سے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عالمی رابطوں کا عمل مضبوط ہو گا اور صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹر ائزڈ کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو پٹواری کلچر اور ریو نیو ملازمین کے اختیارات کے ناجائز استعمال سے نجات ملے گی ۔ اس نظام سے عوام کو ریو نیو سے متعلقہ تمام دستاویزات آسانی سے دستیاب ہونگی اور جائیدادوں کی خریدو فروخت میں ہونے والی بدعنوانیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ برٹش ٹیلی کا م کے تعاون سے پنجاب ہائی وے پٹرول کی کمپیوٹر ائزیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعلی نے گاڑیوں کی کمپیوٹر ائزیشن میں استعمال ہونے والے آلات کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کی گاڑی کو کمپیوٹر ائزڈ نمبر پلیٹ لگائی گئی ۔ صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عبدالعلیم خان نے کہا کہ کمپیوٹر ائرڈ نمبر پلیٹوں اور رجسٹریشن کے نئے نظام سے عوام کو سہولتیں میسر آئینگی اور گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں کمی آئے گی ۔ چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق نے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن 2020ء کے مطابق ہر شعبے میں کی گئی اصلاحات کے نتائج تیزی سے سامنے آرہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :