جہانگیر بدر گروپ نوید چوہدری کو انکے عہدے سے ہٹانے کے بعدراجہ ذوالقر نین کو ہٹانے کیلئے سرگرم

منگل 19 ستمبر 2006 18:16

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قاسم ضیاء کے دست راست نوید چوہدری کو سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے ہٹانے کے بعد جہانگیر بدر گروپ راجہ ذوالقرنین کو لائرز ونگ پنجاب کی صدارت کے عہدے سے ہٹانے کیلئے سرگرم ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے ایک اجلاس کے دوران خالد کھرل نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ملاقات کے دوران راجہ ذوالقرنین کی کارکردگی کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ہے ۔

اس کے علاوہ وہ کسی موقع پر بھی بطور لائرز ونگ پارٹی کا دفاع نہیں کر سکے ۔ آصف علی زرداری کی آمد 17ویں ترمیم کی منظور ی ‘آئین کی کئی دفعات کی معطلی اور کارکنوں پر مختلف موقعوں پر مقدمات میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت کے باوجود اہم موقعوں اور ایام پر کانفرنسز ‘سیمینارز وغیرہ کا انعقاد نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اس لئے انہیں انکے عہدہ سے ہٹایا جائے ۔ مگر قاسم ضیاء کا کہنا ہے کہ جب تک بے نظیر بھٹو خود یا ان کی طرف سے کوئی لیٹر نہیں آئے گا انہیں پارٹی عہدہ سے نہیں ہٹایا جائیگا۔ جبکہ خالد کھرل ‘جہانگیر بدر ‘منیر خان انہیں عہدے سے ہٹانے کیلئے سرگرم ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر راجہ ذوالقرنین کو انکے عہدے سے ہٹا دیا گیا تو قاسم ضیاء گروپ انتہائی کمزور ہو جائیگا اور پیپلز پارٹی پنجاب میں انکے مخالف گروپ کی بالا دستی قائم ہو جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :