سماج دشمن عناصر پر قابو پانے کیلئے کچھ قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے ‘ آئی جی پولیس پنجاب

پولیس لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کررہی ہے ‘ لاہور ایوان صنعت و تجارت میں تقریب سے خطاب

منگل 19 ستمبر 2006 18:16

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب میجر (ر) ضیاء الحسن نے کہا ہے کہ کچھ قوانین پولیس انویسٹی گیشن کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں جن میں ترمیم کی ضرورت ہے تاکہ پولیس سماج دشمن عناصر پر قابو پاسکے۔ پولیس لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کررہی ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہیں۔ جرائم کے طریقہ کار میں بھی تیزی سے تبدیلی آئی ہے اور اب مجرم نہ صرف جدید اسلحہ سے مسلح ہوتے ہیں بلکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی تک بھی رسائی حاصل ہے ۔

وہ گزشتہ روز لاہور ایوان صنعت و تجارت کی طرف سے جرائم کی شرح میں کمی لانے اور تاجر برادری کے ساتھ تعاون کرنے پر پولیس اہلکاروں کو بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر میاں شفقت علی‘ سینئر نائب صدر عبدالباسط اور نائب صدر آفتاب احمد وہرہ نے ایڈیشنل آئی جی خواجہ خالد فاروق‘ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اعظم جویہ‘ ڈی آئی جی عامر ذوالفقار‘ ایس پی آرگنائزڈ کرائم ماڈل ٹاؤن مسعود عزیز‘ ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم ماڈل ٹاؤن عمر ورک‘ انسپکٹر آرگنائزڈ کرائم ماڈل ٹاؤن رانا حسیب انجم ‘ اے ایس آئی رانا محمد افضل‘ ہیڈ کانسٹیبل ظفر اقبال‘ کانسٹیبل غلام نبی اور محمد صدیق شامل ہیں جبکہ ایس پی سول لائنز حبیب حسین اور ایس پی کوٹ لکھپت سجاد منج کو تعریفی خطوط دئیے گئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس کہا کہ انہوں نے تاجروں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے عہدیداران کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت/ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر افتخار علی ملک نے اس موقع پر آئی جی پولیس کو سول لائنز ڈویژن کے لیے دس موٹرسائیکلوں کا عطیہ پیش کیا۔ انہوں نے آئی جی پولیس پر زور دیا کہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے ہیومن ریسورسز پر خصوصی توجہ دیں۔

لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر میاں شفقت علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے قانون کی حکمرانی بہت ضروری ہے۔ جب تک قانون نافذ کرنے والے ادارے لوگوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم نہیں کریں گے تب تک سرمایہ کاری کو فروغ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی ناقص صورتحال بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے غیر ممالک کے دوروں کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ملک میں امن و امان کی ناقص صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :