پاکستان کی ناروے کو ماہر افرادی قوت فراہم کرنے پر آمادگی

منگل 19 ستمبر 2006 18:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 19ستمبر 2006) پاکستان نے ناروے کو ماہر افرادی قوت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اس ضمن میں سیکرٹری داخلہ سید کمال شاہ سے نارویجن وزیر افرادی قوت ببرانی ہاکون کی قیادت میں 10 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سید کمال شاہ نے ناروے کو پیشکش کی کہ اسے اپنی ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے پاکستان کی افرادی قوت سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ اس مقصد کے لئے ناروے کو پاکستانی لیبر کے لئے ویزہ پالیسی میں نرمی لانا ہو گی۔ پاکستان نے حال ہی میں اپنی ویزہ پالیسی کو اوپن کیا ہے اور ناروے سمیت 62 ممالک کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کی آمد پر ویزا کی سہولت کی اجازت دی ہے۔ اس مقصد کے لئے پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر خصوصی ویزا کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پیشکش سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی اعتماد میں بھی مضبوطی آئے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ناروے میں صرف 150 ماہر پاکستانی ورکرز اور انجینئرز کام کر رہے ہیں۔ اس تعداد کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر نارویجن سفیر نے پاکستان کی لیبر خصوصاً انجینئرز اور ماہر افرادی قوت میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کو افرادی قوت کے لئے ناروے کے پرائیویٹ انٹرپرائزز سے رابطہ کرنا چاہئے حکومت ناروے اس کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناروے صحت اور تعلیم کے شعبہ میں مشترکہ طور پر ہسپتالوں اور کالجوں کے قیام سے پاکستان میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :