اسٹیٹ بینک نے نیشنل بینک کو پہلی اسلامک بینکنگ برانچ کھولنے کے لئے لائسنس جاری کردی

منگل 19 ستمبر 2006 17:35

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیشنل بینک کو پہلی اسلامک بینکنگ برانچ کھولنے کے لئے لائسنس جاری کردیا ۔ نیشنل بینک یہ برانچ کاٹن ایکسچینج بلڈنگ میں کھولے گا ۔ نیشنل بینک کو اسلامی بینکنگ برانچ کا لائسنس منگل کو ایک سادہ تقریب میں دیا گیا ۔ تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے شریعیہ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمود احمد الغازی نے اسلامی بینک برانچ کا لائسنس نیشنل بینک کی اسلامک بینکنگ ڈویژن کے سربراہ انور احمد مینل کے حوالے کیا ۔

اس تقریب میں اسٹیٹ بینک کے اسلامک بینکنگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر پرویز سعید اور نیشنل بینک کے گروپ چیف آپریشن آصف بروہی نے بھی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمود احمد الغازی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان ملک میں اسلامک بینکاری کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اور سہولیات فراہم کرتا ہے تاکہ دور جدید کی ضروریات کے ساتھ ساتھ صحیح معنوں میں شریعیہ کے مطابق اسلامی بینکنگ کا نفاذ کیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

اور اسلامی مصنوعات متعارف کروائی جاسکیں ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نیشنل بینک اپنے صارفین کو بہترین اسلامی بینکنگ کی سہولیات فراہم کرے گا ۔ اس موقع پر پرویز سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نیشنل بینک اپنے وسیع تر نیٹ ورک کے ذریعے بہترین اسلامی بینکنگ کی سہولیات فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک اسلامی بینکاری میں ایک پبلک سیکٹر بینک کی آمد کو خوش آئند سمجھتا ہے اور توقع ہے کہ دیگر بینک بھی اس کی پیروی کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں اسلامی بینکاری تیزی سے فروغ پارہی ہے او اس و قت ملک میں اسلامی بینکاری کے اثاثے 89 ارب روپے ہیں جو کہ مجموعی بینکاری کا 2.41فیصد بنتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان کو اسلامی بینکاری کے لائسنس کے اجراء کے بعد اب تک پاکستان میں اسلامی بینکار ی برانچز کی تعداد 12ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان وہ ملک ہے جہاں پر اسلامی بینکاری تیزی سے فروغ پارہی ہے اور بڑی تعداد میں کھاتیدار اسلامی بینکاری کی جانب راغب ہورہے ہیں ۔