اسٹیٹ بینک زرعی قرضوں پر ٹریننگ کورس 20سے 21ستمبر کو منعقد کرے گا

منگل 19 ستمبر 2006 17:35

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان زرعی قرضوں پر ٹریننگ کورس 20سے 21ستمبر کو نوشہرو فیروز میں منعقد کرے گا ۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ کے تعاون سے 2روز ہ اسپیشل زرعی قرضوں کے لئے ایک ٹریننگ پروگرام ترتیب دیا ہے جو کہ 20 سے 21ستمبر کو نوشہرو فیروز میں ہوگا ۔ نوشہرو فیروز کے ڈسٹرکٹ ناظم غلام رسول خان جتوئی اس ٹریننگ پروگرام کا 20 ستمبر کو باقاعدہ افتتاح کریں گے جبکہ اس تقریب میں کسان تنظیموں کے نمائندے ‘ زرعی چیمبر آف کامرس کے نمائندے اور بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے ۔

اس پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد کسانوں کو فنائسنگ کی سہولیات سے آگاہ کرنا ہے ۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی زرعی قرضوں کے حوالے سے چلائی جانے والی مہم کے باعث قرضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور سال2000-01ء میں زرعی قرضوں کا حجم 44.5ارب روپے تھے جو کہ سال 2005-06ء میں بڑھ کر 137ارب روپے ہوگیا ۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ٹریننگ پروگرام میں اسٹیٹ بینک کے سینئر افسران ‘زرعی قرضہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے ۔

اس ورکشاپ میں فیصل بینک لمیٹڈ کے علی رضا بھی خطاب کرینگے ۔ اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد کسانوں کو ایک ہی جگہ پر ہر طرح سے زرعی قرضے حاصل کرنے کی معلومات فراہم کرنا اور اس کے طریقہ کار سے آگاہ کرناہے ۔ ورکشا کے دوسرے روز 21 ستمبر کو نوشہرو فیروز تعلقہ کھنڈاریو اور مستوئی کے دورے کئے جائیں گے ۔