ہم نے ماضی سے کیا سبق سیکھا؟

جمعہ 13 اکتوبر 2017

Farrukh Shahbaz Warraich

فرخ شہباز وڑائچ

کبھی کبھی یہ خیال آتا ہے کہ کیا صرف بارہ اکتوبر کے دن کو سیاہ دن کہہ کر سیاسی جماعتیں اپنی جان چھڑا سکتیں ہیں۔۔؟ پھر مرحوم شیر افگن نیازی یاد آتے ہیں جو مشرف دور میں پارلیمانی امور کے وزیر تھے،12اکتوبر1999کے پانچ سال بعد جب پی پی پی کے اراکین بھی مسلم لیگ ن کے ساتھ اس دن کوتاریخ کا سیاہ دن کہہ رہے تھے اور پارلیمنٹ میں نحیف سی آوازیں ”گو مشرف گو “کی آرہی تھیں، تب ڈاکٹر شیر افگن نیازی نے ہماری سیاسی جماعتوں کو آئینہ دکھایاتھا”یہ وہی پیپلز پارٹی ہے جس نے نواز شریف حکومت کے خاتمے پر مٹھائیاں بانٹی تھیں اب اپنے مفادات کے لیے یہ مل گئے ہیں“
بارہ اکتوبر 1999,شام چھ بجے کے قریب اچانک ٹی وی پر خبر نشر ہوئی کہ حکومت نے فوج کے سربراہ جنرل پرویز مشرف کو ہٹا کر آئی ایس آئی چیف جنرل ضیالدین بٹ کو ملک کا نیا چیف آف آرمی سٹاف مقرر کر دیا۔

(جاری ہے)

جنرل پرویز مشرف نے فیصلے کو رد کر دیا، ان کے حکم پر فوج بیرکوں سے سڑکوں پر آ گئی، ٹرپل ون بریگیڈ نے وزیراعظم ہاؤس پر قبضہ کرلیا۔ سرکاری ٹی وی، ریڈیو اور تمام ہوائی اڈوں کا کنٹرول فوج کے ہاتھ میں آگیا۔
14 اکتوبر کو پرویز مشرف نے آئین معطل کر کے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا اور ایک عبوری آئینی حکمنامہ جاری کیا گیا۔ پرویز مشرف نے ملک کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دی گئیں۔
کارگل جنگ پر نالاں پرویز مشرف نے نواز شریف اور شہباز شریف سمیت کئی حکومتی شخصیات کو گرفتار کرایا، نواز شریف پر جنرل پرویز مشرف کا طیارہ اغواء کرنے کا مقدمہ چلایا گیا اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔
کیا یہ سب کچھ اتنی جلدی ہو گیا تھا تو اس کا جواب نفی میں ملتا ہے صدیق الفاروق مسلم لیگ ن کے ترجمان رہ چکے ہیں وہ اپنی کتاب”سرخرو کون“ میں بارہ اکتوبر کے متعلق لکھ چکے ہیں کہ جنرل ضیاء الدین بٹ کو نیا آرمی چیف مقرر کر دیا گیا اس منظر کو فلمایا گیا تاکہ پی ٹی وی پر نشر کیا جا سکے بعد ازاں وزیراعظم کے ملٹری سیکٹری برگیڈئیر جاوید ملک اسے نشر کروانے میں بھی کامیاب ہوگئے مگرکچھ ہی دیر میں فوجیوں کی بڑی تعداد نے ایوان صدر،وزیراعظم ہاؤس ،پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر سمیت تمام اہم عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا تھا یہ کاروائی مغرب تک مکمل ہوچکی تھی۔


دو تہائی اکثریت سے منتخب ہوکر وزیراعظم بننے والے نواز شریف،کیلئے ایک نہ بھولنے والا دن تھاجب پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ نے وزیر اعظم ہاوس پر قبضہ کر لیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کسی ڈیل کے نتیجے میں اس دوران نواز شریف اور شہباز شریف اہل خانہ کے ساتھ سعودی عرب چلے گئے۔ یوں سابق وزرائے اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کی جلاوطنی کی وجہ سے جنرل پرویز مشرف بلا شرکت غیرے ملک کے حکمران رہے۔


12 مئی 2000 کو سپریم کورٹ کے 12 رکنی بنچ نے بھی پرویز مشرف کے اقتدار پر قبضے کو جائز قرار دیا اور آئین میں ترامیم کی اجازت دے دی، پھر پارلیمنٹ نے صدر مملکت کی حیثیت سے مشرف کے اقدامات کو آئینی قرار دیتے ہوئے ان کی منظوری بھی دی۔
تاہم مارچ 2007 میں اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری کے ساتھ پیدا ہونے والے تنازع نے ملک میں سیاسی بھونچال کھڑا کر دیا۔

اسی دوران محترمہ بے نظیر بھٹو بھی جلا وطنی ختم کر کے وطن آگئیں۔
جنرل پرویز مشرف یہ سیاسی دباؤنہ سہہ سکے۔ فروری 2008 کے انتخابات کے نتیجے میں پرویز مشرف کے حامیوں کو شکست ہوئی۔اور پیپلز پارٹی نے نواز لیگ کی شراکت سے حکومت قائم کی۔پرویز مشرف اکتوبر 1999 کو اقتدار پر قابض ہوئے اُن کی کہانی 18 اگست 2008 کو اُن کے استعفیٰ پراختتام پزیر ہوئی۔

یہ کہانی تو یہاں ختم ہوگئی مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے ہمارے سیاست دانوں نے اس سے کیا سبق سیکھا؟ کیا سول اور ملٹری تعلقات ہمیشہ اسی سمت میں سفر کریں گے؟ کیا اس ملک میں جمہوریت آج بھی ملٹری ڈکٹیٹر شپ کا مقابلہ کرسکتی ہے؟ ایک سوال جو سب سے اہم ہے ہماری سیاسی قائدین،سمیت طاقت کے لیے نظام کو لپیٹنے والوں نے کیا ماضی سے کچھ سبق سیکھا ہے؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :