ہاں میں غدار ہوں

منگل 22 اگست 2017

Afzal Sayal

افضل سیال

مان لیا نواز شریف کا نام جمہوریت نہیں ھے حکومت نہیں ہے ، پاکستان کا مستقبل بھی نواز شریف سے وابستہ نہیں ہے تو ﮈکٹیٹر کا نام فوج کا پورا ادارہ کس نے رکھ دیا ہے ؟ ادھر آمرکا نام لو ادھر سارے ادارے کی تذلیل بن جاتی ھے ۔آئین شکن جرنیلوں کا نام لینے پر غداری اور ملک دشمن، غیر ملکی ایجنٹ کا سرٹیفیکٹ بھی دے دیا جاتا ہے ،جرنیلوں کے مقتدی جمہور کو گالیاں دینے سے نہیں چوکتے.. لیکن آمر کے خلاف بولتے ہوئے انکی زبان بند ہو جاتی ہے ،اس میں کوئی شک نہیں کہ سیاست دان بھی ملک کی خرابی میں حصہ دار ہیں لیکن ملک کی 70سالہ زندگی میں 40 سال تو جرنیلوں نے حکومت کی پھر ناکامی کا سارا ملبہ سویلین کی گود میں کیوں ڈالا جاتا ہے،ہرگناہ سویلین کے نامہ اعمال کی زنیت کیوں بن جاتا ہے اس بیان کے بعد تصویر کا دوسرا رخ کیا سامنے نہیں آجاتا کہ قانون شکن بھگوڑاپرویز مشرف یہ اقرار کرتا ہے کہ مجھے کیسوں سے بچانے اور باہر بھگانے میں سابق جنرل راحیل شریف نے مدد کی ہے۔

(جاری ہے)

کیا کسی نے پوچھا ،لکھا متنازع اسلامی فوج کی سربراہی لینے والے سابق جرنیل سے کہ آپ نے ایک ملزم کی مدد کیوں کی ؟ آج آپ دنیا کی تمام افواج کے چیفس سے زیادہ تنخواہ ،مراعات اور سہولیات لے رہے ہیں۔۔اگر آپ توہین نہ سمجھیں تو صرف وضاحت ہی کردیں ۔۔۔۔۔لیکن پھر بھی آپ تو ٹھہرے محب وطن اور سویلین ٹھہرے غدار وطن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مطلب ہم جمہوریت اور سیاست دانوں کی تو جیسے مرضی پگڑیاں اچھالیں۔

سیاست اور سیاست دان کو عوام کی نظروں میں اتنا گرا دیں کہ گالی بن جائے، لیکن جمہوریت کا حسن ٹھہرے ، دوسری جانب ہم ادارے کی عزت وقار پر اپنی جان قربان کرنے کی قسمیں کھایں،لیکن جیسے ہی قانون شکن آمر کی قانون شکنی اور احتساب پر بات کریں تو غدار ٹھہرنا لکھ دیا جائے ، ہم سیاست دانوں کے احتساب، کرپشن ، نااہلی ، بیڈگورننس پر تو کھل کر تنقید کریں اور عوام کی رائے ہموار کریں ،اور یہ پریکٹس ہونی بھی چاہیے ، جبکہ دوسری جانب جب ہم قانون توڑ کر حکومت پر قبضہ کرنے والے آمر کے بارے میں زبان کھولیں یا قلم اٹھایں تو غدار ٹھہریں ، کیا سیاست دانوں کے علاوہ جرنیل، جج، بیوروکریٹ،سرمایا دار، قانون سے بالاتر ہیں کیا ان پر ملک کا کوئی قانون نافذ نہیں ہوتا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔ پھر کہتے ہیں سب سیاست دان گھٹیا, مفاد پرست, بے عقل, ان پڑھ اور جاہل تھے اس لیے فوج کو آنا پڑا.... چلیں یہ بھی مان لیا ۔۔۔ تو حضور: مادر ملت فاطمہ جناح کو ایک جرنیل "تمام قوت سے" بھارتی ایجنٹ اور غدار کیوں ثابت کرتا رہا ؟ کسی نے پوچھا کے جناب آپ نے تو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا ۔ آپ اقتدار کے فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں۔

۔۔جمہوریت کے دشمنوں سے میرا ایک مصومانہ سوال ہے کہ اگر آپ اپنی فیکٹری ، گھراور اپنی حفاظت کے لیے سیکورٹی گارڈ رکھیں انکو وردی، اسلحہ لیکراپناپیٹ کاٹ کر اسکی ہر جائز ناجائز ضرورت کو اپنی حیثیت سے بھی زیادہ پورا کریں۔۔۔ لیکن ایک دن آپ گھر پہنچیں تو سیکورٹی گارڈ کہے کہ حضور آپ گھر کو صحیح نہیں چلا رہے آپ ان پڑھ ہیں ، جاہل ہیں ، کرپٹ ہیں لہذا آپ آج سے اس گھر میں داخل نہیں ہوسکتے تو آپکو کیسا لگے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔تو میری بھولی پیاری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ یہی ہو رہا ہے۔۔۔۔۔اس ملک کو کسی فوجی نے بغاوت کرکے آزاد نہیں کروایا تھا ۔ ایک سویلین نے عوام کی طاقت سے عوام کو ایک آزاد ملک لیکر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بس ایسے ھی سوالات پوچھنے پر میں بھی غدار ھوں.۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کوئی جج کرپٹ اور قانون شکنی کرے تو ججز اسکا احتساب کریں ، جب کوئی بیوروکریٹ کرپٹ پریکٹس میں ملوث ہو تو بیوروکریسی خود انکوائری کرے ، جب کوئی جنرل کرپشن میں پکڑا جائے توفوج خود اسکی انکوائری کرے ،کوئی پولیس افسر کرپشن کرے تو پولیس کا ادارہ اسکی پوچھ گچھ کرے ،اگر صحافی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہو تو صحافتی تنظیمں اسکا احتساب کریں ، لیکن اگرسیاست دان ایسی کسی قانون شکنی میں پکڑا جائے یا الزام لگے تو ہم سب ملکراسکا احتساب کریں ۔

۔ واہ رے مسٹر بابو تیرے انصاف کے ضابطے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس کالم کا مطلب کرپٹ نااہل مفاد پرست سیاست دانوں کا دفاع ہرگز نہیں ، لیکن اس حمام میں سب ننگے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ احتساب سب کا ہونا چاہیے قانون کا اطلاق بھی ہر طاقتور،جرنیل ، ججز، بیوروکریٹ، سیاست دان ، صحافی،بزنسمین ، سرمایہ دار، جاگیردار، رسہ گیر، دہشت گرد، اسلام کے لبادے میں چھپا ملااور ہرپاکستانی پریکساں قانون کی عملداری میں ہی اس قوم و ملک کی بقا ہے ۔

۔۔۔ پاکستان کی سیاست میں اگلے چند ماہ بہت اہم ہیں نواز شریف جمہوریت اور سویلین بالا دستی کی آڑ میں ایک اور "این ار او" کی تلاش میں ہے ۔ تاکہ نیب اور احتساب کے عمل سے بچا جا سکے،مجھے نہیں لگتا کے نواز شریف سویلین بالادستی کی جنگ لڑ رہا ہے بلکہ ذاتی لڑائی کو سویلین بالادستی کا ماکس چڑھانے کی کوشش میں ہے ، اگر آپ واقعی جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں تو نکلیں کلمہ شہادت پڑھ کر اور اس سازش کے پرخچے اڑا دیں جس کے ذریعے آپکو نااہل کیا گیا ہے اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو انتظار کریں کیونکہ اس ملک میں سویلین بالادستی صرف خونی انقلاب سے ہی آ سکتی ہے جس کے آثار ابھی نظر نہیں آ رہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اگر ایسے سوال پوچھنے اور لکھنے والا غدار ہے تو ہاں میں غدار ہوں۔۔۔۔
اگر اب میں غدار وطن، غیر ملکی ایجنٹ بنا دیا جاوٗں تو یہ کالم سنمھال کر رکھنا تاکہ سند رہے اور باوقت ضرورت کام آئے ۔۔۔۔۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :