لوٹے نیاپاکستان بنائیں گے۔۔؟

بدھ 21 جون 2017

Umer Khan Jozvi

عمر خان جوزوی

سفید اورکالے جادو ختم کرنے سمیت کسی بھی بدقسمت انسان کودرپیش ہرقسم کے مسائل ۔مصائب اورمشکلات مہینوں نہیں دنوں ،گھنٹوں بلکہ لمحوں میں حل کرنے کے دعویدار ۔۔پیر اورمرید۔۔تو ہم نے بہت دیکھے تھے لیکن سیاسی پیر اب پہلی بار دیکھا ہے۔ سنا ہے بنی گالہ شریف کے بعد اب نتھیاگلی شریف میں عمران خان کے آستانے پرجانے والوں کی دل کی مرادیں بھی فوری طورپر پوری ہوجاتی ہیں۔

کہنے والے تویہاں تک کہتے ہیں کہ نتھیاگلی میں قائم عمرانی نہر میں چھلانگ لگانے کے بعد ناپاک اورکرپشن زدہ سیاستدان بھی ایسے پاک ہوجاتے ہیں جیسے انڈے سے نکلنے والا چوزہ۔یہ توہمیں پتہ ہے کہ شہروں سے کوسوں دور دیہی علاقوں اورپہاڑوں سے نکلنے والے پانی کی اپنی ایک طاقت اورخاصیت ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انتہائی صاف وشفاف اورٹھنڈایخ ہونے کے ساتھ یہ پانی صحت کے لیے بھی ایک جادوئی اثررکھتا ہے ۔

۔پھر نتھیاگلی کے پانی کاتواپنا ایک ذائقہ اورمزہ ہوگا ۔۔کیونکہ یہ علاقہ جتنا خوبصورت ہے اس لحاظ سے یہاں کاپانی بھی دوسرے علاقوں کی نسبت زیادہ صاف وشفاف۔خالص اورمیٹھا ہوگا۔عمرانی نہر کے ساتھ نتھیاگلی کے دیگرعام نہروں،آبشاروں اورچشموں سے نکلنے والے پانی کی شفافیت پربھی توکسی کوکوئی اعتراض نہیں لیکن اس پانی سے چوری ۔کرپشن۔لوٹاپن اوربے ایمانی کے داغوں کے چند لمحوں میں مٹنے اورصاف ہونے پرصرف ہم نہیں پوراپاکستان حیران ویریشان ہے ۔

گندگی اورغلاظت کے ساتھ پانی کی طاقت سے بہت سی جسمانی بیماریوں کے خاتمے کابھی نہ صرف ہم نے سنا بلکہ کئی بار اپنی گنہگار آنکھوں سے دیکھا بھی ۔۔مثلاًہم نے دیکھااور سناکہ بارش کے پانی میں نہانے سے کئی لوگوں کے جسموں سے دانے ختم اورگرم پانی سے دھونے سے کئی زخم ٹھیک ہوئے وغیرہ وغیرہ ۔جسمانی بیماریوں سے یادآیا۔ہمارے گاؤں جوز میں چڑکنڈتنگی کے نام سے ایک کسی ہوتی تھی جواب بھی ہے ۔

اس کسی میں اب توپتہ نہیں ۔پہلے عام دنوں اورموسم میں بھی اچھا بھلا پانی ہوتا تھا ۔وہاں ایک مخصوص جگہ تھی جہاں پر نہانے سے خارش کانام ونشان بھی مٹ جاتا تھا۔اس وقت جوکوئی بھی خارش کے ہاتھوں تنگ آتا وہ فورااس جگہ کارخ کرلیتا۔ایسے کئی خارشی لوگوں کوہم نے اپنی آنکھوں سے اس پانی کے باعث ٹھیک ہوتے دیکھا ۔قدرت کے اس انمول تحفے پانی سے جسمانی بیماریوں کوتوختم ہوتے ہم نے دیکھا لیکن اس پانی سے چوری ۔

کرپشن۔لوٹاپن۔بے ایمانی اورمنافقت کی بیماریوں کوکبھی ختم ہوتے نہیں دیکھا ۔۔۔معلوم نہیں کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پاس ایسا کونسا جادو ہے کہ جس کی طاقت سے ان کے گھر اوردر پرآنے والے چور۔۔ڈاکو۔۔لوٹے اوربے ایمان بھی فرشتے اورایماندار بن جاتے ہیں ۔نتھیاگلی کاپانی سوفیصد خالص اوردوسوفیصد شفاف سہی۔۔لیکن پانی میں پھربھی اتنی طاقت نہیں کہ یہ پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن ،قومی وطن پارٹی ،جے یوآئی اوردیگرسیاسی جماعتوں وپارٹیوں میں لوٹ مار اورکرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کوذرہ بھی صاف کردیں۔

مانا کہ لوٹ مار اورکرپشن کے خلاف جہاد کرنے والے عمران خان کے ہاں مسلم لیگ ن،پیپلزپارٹی ،جے یوآئی ،اے این پی اوردیگرپارٹیاں چھوڑ کرتحریک انصاف میں شامل ہونے والے چور،لٹیرے ۔بے ایمان ۔لوٹے اورکھوٹے ہرقسم کے گناہوں سے پاک ہوتے ہوں گے لیکن حقیقت میں ایساہرگز نہیں ۔ایک پارٹی سے دوسری اوردوسری سے تیسری میں چھلانگ لگانے سے کوئی چور،ڈاکو کبھی گناہوں سے پاک نہیں ہوتا۔

کوئی چوراورڈاکوچاہے وہ مسلم لے ن میں رہے۔ پیپلزپارٹی میں جائے یاتحریک انصاف کاحصہ بنے ۔وہ چور،ڈاکو لوٹا اورلٹیرا ہی رہتاہے ۔کوئی بھی سیاسی چور اورڈاکو عمرانی نہر اورنتھیاگلی میں لگائی جانے والی پی ٹی آئی ڈرائی کلیننگ پلانٹ میں ایک نہیں سوبار بھی گھسے تب بھی اس کے ماتھے پر لگے لوٹ مار ،چوری اورکرپشن کے داغ کبھی مٹ نہیں سکیں گے ۔

عمران خان کے نرم وملائم گلے۔بڑے دل اورکشادہ سینے سے لگنے کے بعد ابن الوقت اورمفاد پرست سیاسی چوروں اورلوٹوں کے ظاہر وباطن توصاف نہیں ہونگے البتہ عمران خان کے صاف وشفاف سفید کپڑوں پرصرف چھینٹے ہی نہیں بلکہ بڑے بڑے داغ بھی ضرور پڑینگے ۔ہاڑ کی آگ برستانی گرمی میں نتھیاگلی اورگلیات کے سبزہ زاروں میں لوٹوں اورلٹیروں کی منڈی لگا کرہول سیل ریٹ پر سیاسی سانڈوں کی خریدوفروخت کاجوکاروبار عمران خان نے شروع کردیا ہے وہ ملک ،وقوم اورسیاست کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے ۔

فردوس عاشق اعوان ،نذرگوندل سمیت دیگر سابق وزراء اوربڑے بڑے لوٹوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کوعمران خان اورپی ٹی آئی والے بڑی کامیابی قراردے رہے ہوں گے لیکن انتہائی معذرت کے ساتھ یہ حقیقت میں عمران خان اورتحریک انصاف کی بہت بڑی ناکامی ہے ۔عمران خان جس نئے پاکستان کے نعرے لگارہے ہیں ۔اس کی منزل تک پہنچنے کے لئے چوروں ،لٹیروں اورلوٹوں کے ان ریوڑوں کودریابردکرناہوگا۔

ان سیاسی چوروں کے ہوتے ہوئے اگرنئے پاکستان تک پہنچناآسان اورممکن ہے توپھرمسلم لیگ ن۔پیپلزپارٹی اوردیگرسیاسی جماعتوں اورپارٹیوں کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے ۔۔؟ایسے بڑے بڑے سورماتوان پارٹیوں میں بھی کچھ کم نہیں اوروہ لوٹ ماراورکرپشن میں وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں پھرعمران خان کی بجائے نئے پاکستان تک توان کے ساتھ پہنچنازیادہ آسان ہوگا۔

اس لئے عمران خان کوایک بات یادرکھنی چاہئے کہ نتھیاگلی میں سیاسی چوروں کی ڈرائی کلیننگ سے نہ توملک سے لوٹ ماراورکرپشن ختم ہوگی اورنہ ہی نئے پاکستان کاخواب پھرکبھی پوراہوسکے گا۔۔۔اس سے پہلے کہ عمران خان خودسیاسی چوروں اورلٹیروں کے رنگ میں رنگ جائے ۔انہیں نتھیاگلی میں کھولنے والاڈرائی کلینرپلانٹ فوری طورپربندکرناچاہئے،محموداورآیازاگرایک ہی صف میں کھڑے ہوں گے توپھرتبدیلی کیسے آئے گی ۔

۔؟اورنیاپاکستان کیسے بنے گا۔۔؟عمران خان نے اگرواقعی نیاپاکستان بناناہے توپھرانہیں اچھے،بروں اورایمانداروں وبے ایمانوں میں اچھی طرح تمیزوتفریق بھی کرنی ہوگی ۔جولوگ سیاست کالبادہ اوڑھ کرپچھلے سترسالوں سے اس ملک کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔سوچنے کی بات ہے اب وہ پارٹیاں بدل کرکیاتبدیلی لائیں گے۔۔؟ایسے چوروں اورلٹیروں کواب تحریک انصاف کی کشتی میں سوارکرکے کسی بھی طورپرتبدیلی نہیں لائی جاسکتی ۔

تحریک انصاف اورعمران خان کامقصدبھی اگرگندے انڈے جمع کرنے ہیں توپھرملک میں تبدیلی اورنئے پاکستان کے قیام کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا۔ملک میں حقیقی تبدیلی اورنئے پاکستان کی طرف بڑھنے کے لئے سیاسی خانہ بدوشوں سے ہمیشہ کے لئے چھٹکاراحاصل کرناہوگا۔جب تک سیاسی چوروں کے لئے سیاست کے دروازے بندنہیں کئے جاتے اس وقت تک سیاسی چوراورلٹیرے ،،آج تمہارے،،کل ہمارے،،والایہ سلسلہ اسی طرح چلتارہے گااورلوٹ ماروکرپشن سے داغداریہ گندے لوگ کبھی نتھیاگلی ۔

۔کبھی جاتی امراء اورکبھی بلاول ہاؤس میں بنے نہروں میں چھلانگ لگاکرخودکواسی طرح گناہوں سے پاک کرنے کے ڈرامے رچاتے رہیں گے ۔اس لئے اب وقت آگیاہے کہ ان چور،ڈاکواورلٹیروں کوگناہوں سے پاکی کے سرٹیفکیٹ دینے کی بجائے ان کوگٹروں میں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پھینک دیاجائے کیونکہ اسی ملک اس ملک،قوم اورجمہوریت کی بقاء اوربھلائی ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :