پنجابی نہ پختون ۔۔ صرف پاکستانی

منگل 7 مارچ 2017

Umer Khan Jozvi

عمر خان جوزوی

تعصب کے کالے چشمے پہن کر لسانیت اور قومیت کی بنیاد پر قوم کو تقسیم کرنے والوں پر ایک نہیں بلکہ ہزار بار لعنت۔۔بلوچی ۔۔ سندھی ۔۔ پختون اور پنجابیوں میں تفریق اور پھوٹ ڈالنے والوں پر تو صبح سے شام تک ہر روزلعنت کی بارش ہو ۔۔ بارش بھی ایسی کہ یہ،، لعنتی ،،پھر اس میں سر سے پاؤں تک گندگی و غلاظت سے اٹکے ہی رہیں ۔۔ نام۔۔ نسب اور قومیں یہ جان پہچان کیلئے ہے ۔

۔ تفریق و تقسیم کیلئے نہیں ۔۔ مسلمان تو ویسے بھی سارے آپس میں بھائی بھائی ہیں ۔۔ پھر ہمارے دین اسلام نے تو سارے انسانوں کو برابرقرار دیا ہے ۔۔ ایسے میں ہم کون ہوتے ہیں ۔۔ پختون ۔۔ پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچیوں کے ذریعے اس قوم میں پھوٹ ڈالنے والے ۔۔ ہم پختون ۔۔پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچی بعد میں ہیں۔

(جاری ہے)

۔ پہلے ہم سب صرف اور صرف پاکستانی ہیں ۔

۔ اچھے اور برے لوگ ہر قوم ۔۔ ہر شہر اور ہر ملک میں ہوتے ہیں ۔۔ ایسے میں سارے برے یا اچھے لوگوں کو کسی ایک قوم ۔۔ شہر اور ملک سے خاص کرنا کوئی انصاف نہیں ۔۔ چور ۔۔ ڈاکو ۔۔ قاتل ۔۔ نوسرباز ۔۔ فراڈےئے اور دہشتگرد ہر قوم و قبیلے میں ہوتے ہیں ۔۔ دنیا میں ایسی کوئی قوم اور کوئی ملک نہیں کہ جس کو چوروں ۔۔ ڈاکوؤں ۔۔ نوسربازوں ۔۔ فراڈیوں اور دہشتگردوں سے پاکی کا سرٹیفکیٹ دیا جائے ۔

۔ ایسے میں صرف پختونوں کو دہشتگردی سے خاص کرنا کوئی انصاف نہیں ۔۔ ہم نہیں کہتے کہ سارے پختون فرشتے ہیں ۔۔مگر ڈنڈے کی چوٹ پر برملا کہتے ہیں کہ سارے پختون چور ۔۔ ڈاکو ۔۔ نوسرباز ۔۔ فراڈےئے اور دہشتگرد نہیں ۔۔ اس ملک کی بنیادوں میں پنجابی ۔۔ سندھی ۔۔ اور بلوچیوں کے ساتھ پختونوں کا خون بھی شامل ہے ۔۔ تحریک قیام پاکستان ہو۔۔یا سنہ 65ء اور سنہ 71ء کی جنگ ہو ۔

۔یہی پختون پاک فوج کے شانہ بشانہ رہے ۔۔ ملک پر جب بھی کوئی کٹھن اور مشکل وقت آیا ۔۔ انہی پختونوں نے سروں پر کفن باندھ کر گھر بار چھوڑے ۔۔ آپریشن راہ راست ہو یا آپریشن ضرب عضب ۔۔ہر موقع پر ۔۔ہر جگہ انہی پختونوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ۔۔ پاک فوج ۔۔ رینجرز ۔۔ پولیس مطلب آپ کسی بھی ادارے ۔۔ محکمے اور میدان میں دیکھیں ۔۔ آپ کو ملک کی خدمت کے ہر مشن اور ہر سیشن میں یہی پختون ضرور نظر آئیں گے ۔

۔ پختونوں میں بھی غدار ۔۔ دہشتگرد ۔۔ شدت پسند ۔۔چور ۔۔ ڈاکو ۔۔ نوسرباز اور فراڈی ضرور ہوں گے۔۔ لیکن آٹے میں نمک کے برابر یہ برے لوگ تو ہر قوم اور قبیلے میں ہوتے ہیں ۔۔ پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچی بھی ایسے ملک دشمنوں سے پاک نہیں ۔۔ ایسے میں محض چند گنے چنے لوگوں کی وجہ سے پوری قوم کو ایک ترازو میں تولنا ظلم ہی نہیں ظلم عظیم ہے ۔۔اقلیت کبھی بھی اکثریت پر غالب نہیں ہو سکتی ۔

۔ موجودہ حالات میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن اور کارروائیوں کی آڑ میں پختون اور پنجابی میں پھوٹ ڈالنے والے کسی بھی طور پر ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ۔۔ یہ ملک کسی ایک شخص و فرد کا نہیں ۔۔ نہ ہی یہ کسی ایک قوم و گروہ کا ہے ۔۔ یہ ملک 21 کروڑ پاکستانیوں کا ہے ۔۔جن میں پنجابی بھی ہیں ۔۔ پختون بھی ۔۔ سندھی بھی اوربلوچی بھی ۔۔اس ملک کیلئے جتنی قربانیاں پختونوں نے دیں۔

۔ اتنی ہی پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچوں نے بھی دیں ۔۔ اس ملک کے گلشن میں پختون ۔۔ پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچی سب کا خون شامل ہے ۔۔ْ چوروں۔۔ڈاکوؤں ۔۔ شدت پسندوں اور دہشتگردوں کا کسی قوم و مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔۔ دہشتگرد چاہے وہ پختون ہو۔۔پنجابی ۔۔ بلوچی یا پھر سندھی ۔۔ وہ دہشتگرد ہی ہے ۔۔ ملک کا ہر دشمن پہلے پاکستان کا دشمن ہے بعد میں وہ پھر پختون ۔

۔ پنجابی ۔۔ سندھی یا بلوچی ہے۔۔ چور ۔۔ ڈاکو ۔۔ اور دہشتگرد جن کا تعلق چاہے پختونوں سے ہو ۔۔ پنجابیوں سے ۔۔ سندھیوں سے یا پھر بلوچیوں سے۔۔ہم کل بھی ان کو دہشتگرد کہتے تھے ۔۔ آج بھی کہتے ہیں۔۔ اور کل بھی کہتے رہیں گے ۔۔ ہم نے کسی چور ۔۔ ڈاکو اور دہشتگرد پختون کو کبھی فرشتہ نہیں کہا۔۔ نہ ہی کسی پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچی چور ۔۔ ڈاکو اور دہشتگرد کی کبھی کوئی وکالت کی۔

۔ جو دہشتگرد اور ملک کا غدار ہو۔۔ اسے اسی وقت اور اسی جگہ ٹوک دو ۔۔لیکن خدارا ۔۔ کسی مجرم کی سزا کسی بے گناہ کو ہر گز نہ دو ۔۔ لاہور ۔۔ کراچی ۔۔ ملتان ۔۔اورکوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مجبوری کے ہاتھوں رہنے والے ان پختونوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو آپ کے روشن کل کیلئے اپنا آج قربان کرکے یہاں تک پہنچے ہیں ۔۔ یہ وہ دہشت زدہ لوگ ہیں جو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امن کے قیام کی خاطر اپنے گھر بار قربان کرچکے ہیں ۔

۔اب اگرآپ ان کودہشتگردکہیں گے تو ان کے دلوں پر کیا گزرے گی ۔۔ پنجاب ۔۔ سندھ اور بلوچستان حکومتیں دہشتگردوں کے خلاف ضرور کارروائی کریں۔۔ لیکن اس آڑ میں شریفوں اور محب وطن لوگوں کا امتحان ہر گز نہ لیں ۔۔ پنجاب میں رہائش پذیر پختونوں سے پنجاب پولیس کے ناروا رویے بارے جو اطلاعات اور خبریں سامنے آرہی ہیں ۔۔ اللہ نہ کرے ۔۔ اگر یہ سب کچھ سچ ہے ۔

۔ تو پھر اس سے زیادہ ملک و قوم کے خلاف اور کوئی گھناؤنی سازش نہیں ہو سکتی ۔۔ایک ایسے وقت میں جب دہشتگردوں اور ملک دشمنوں نے پے در پے دہشتگردانہ کارروائیوں کے ذریعے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔۔ ایسے میں قوم کو آپس میں دست و گریباں کرکے تقسیم کرنا ملک میں خانہ جنگی کو فروغ دینے کے سوا کچھ نہیں ۔۔ پنجاب پولیس اگرواقعی اس طرح کا کوئی سلوک یاکوئی قدم اٹھا رہی ہے تو وفاق اور پنجاب حکومت کو اس کا فوری نوٹس لیکر اس سازش کو بروقت بے نقاب کرنا چاہیے۔

۔ اس کے ساتھ خیبرپختونخوا حکومت اور سیاسی قیادت کو بھی جلتی پر تیل ڈال کر اس معاملے کو ہم پختون۔۔ آپ پنجابی والا کھیل بنانے کی بجائے ملک کے اندر تعصب ۔۔ لسانیت ۔۔ اور قومیت کے بلند ہوتے شعلوں کو فوری بجھانا چاہیے۔۔ اللہ نہ کرے اگر یہ شعلے اسی طرح بلند ہوتے رہے تو پھر ایک دو نہیں کئی قومیں اس کی لپیٹ میں آ جائیں گی ۔۔ موجودہ حالات میں پختون ۔

۔ پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچی کا نعرہ بلند کرنے کی بجائے ہمیں سانحہ سقوط ڈھاکہ سے کچھ سبق حاصل کرنا چاہیے ۔۔ اس ملک میں رہنے والے کراچی سے گلگت اور چترال سے کوئٹہ اور واہگہ بارڈر سے ناران کاغان تک ہم سب ایک اور آپس میں بھائی بھائی ہیں ۔۔ ایسے میں پھر پنجابی ۔۔پختون اور سندھی و بلوچی کے یہ نعرے کہیں ایک بار پھر سقوط ڈھاکہ کی یاد تازہ کرنے کی کوئی منظم سازش تو نہیں ۔

۔؟ حالات اب بھی ہمارے ہاتھ میں ہیں ۔۔ وقت گزرا نہیں ۔۔ لیکن بڑی تیزی کے ساتھ دشمن کی سازشیں ، تعصب ، لسانیت اور قومیت کے کالے بادلوں میں خود کو ڈھانپ کر آگے بڑھتی اور دوڑتی جارہی ہیں ۔۔ ہمیں ہر حال میں ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ۔۔ ورنہ پھر سوائے پچھتانے کے ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں رہے گا ۔ اس لئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختوخوا پرویزخٹک کو اس معاملے کا فوری سدباب کرنا ہوگا ۔

۔ دشمن بڑا مکار اور چالاک ہے ۔۔وہ اس موقع سے کوئی بھی غلط فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔۔ اس لئے پنجاب حکومت کو بڑے بھائی کے ناطے خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے گلے شکوے خندہ پیشانی کیساتھ دور کرنے ہوں گے ۔۔ پنجاب حکومت نے اگر موجودہ وقت میں بڑے بھائی کا کردار ادا نہیں کیا تو آنے والا وقت شریف برادران کو کبھی معاف نہیں کرے گا ۔۔ ہماری لڑائی آپس میں نہیں بلکہ دہشتگردوں اور ملک دشمنوں سے ہے۔

۔ اور یہ لڑائی اور جنگ ہم تب جیت سکتے ہیں جب ہم خود آپس میں متحد و متفق ہوں ۔۔ دشمن کی خواہش ہے کہ ہم پختون ۔۔ پنجابی ۔۔ سندھی اور بلوچی کا نعرہ لگا کر آپس میں دست و گریباں ہوں تاکہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو سکے۔۔ ایسے میں اب ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے یا پھر قوموں اور فرقوں میں بھٹک کر دنیا کے سامنے تماشا بننا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :