ایم کیو ایم:مرض بڑھتا گیا جوں جو ں دوا کی!

جمعہ 21 اکتوبر 2016

Qamar Uz Zaman Khan

قمر الزماں خان

عشرت العباد بھائی اور مصطفی کمال بھائی نے تیر کمان ایک دوسرے پر کھینچ لئے ہیں۔سینوں میں دبے راز گلی محلے کی لڑاکا عورتوں کی طرح سرعام اگلے جارہے ہیں۔ دوطرف کی خصوصیات یکساں ہیں ،دونوں کا تعلق ایم کیو ایم سے رہا ہے، اسی تنظیم میں انکی تعلیم وتربیت ہوئی ،دونوں ہی سچ بول رہے ہیں۔ایک پر ماضی میں چوالیس قتل کا الزام لگتا رہا ہے تو دوسرے کا سکو ر بھی کم نہیں ہے۔

چند دن قبل متحدہ قومی موومنٹ لندن نے عامر خاں،خواجہ اظہارالحسن،فیصل سبزواری اور کشورزہرا کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔قبل ازیں لندن والی ایم کیو ایم کے کنوینرندیم نصرت نے پاکستان والی ایم کیوایم کے کنوینر فاروق ستار کی بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انکو ’غداری‘ کا مرتکب قراردیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے پاکستان والی متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے ایک اجلاس کے بعد بانی ایم کیوایم الطاف حسین کو پارٹی سے الگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستانی ایم کیو ایم نے الطاف بھائی پر22اگست کو پاکستان مخالف تقریر کرنے والے وہی الزامات عائد کئے تھے جو23اور24اگست تک خود ایم کیوایم پاکستان کہلوانے والی قیادت پر بھی لگ رہے تھے اور ایک رات کی ’صفائی ستھرائی‘کے بعد ان الزامات کا رخ لندن قیادت تک ہی محدود کردیا گیا تھا۔12اکتوبر کو لندن کے اجلاس سے پاکستان میں ایم کیو ایم کے حامیوں کو مخاطب کرتے کہا گیاہے کہ وہ تنظیمی نظم وضبط کی سختی سے پابندی کریں اور ان(پاکستانی ایم کیو ایم کی قیادت ) افراد سے کسی قسم کا تعلق نہ رکھیں۔

اعلامیہ کے مطابق قائد وبانی ایم کیوایم نے اجلاس کے فیصلے کی مبینہ طور پر توثیق کی ہے۔اس سال کے اوائل میں ایم کیو ایم کے سابق میئر کراچی مصطفی کمال کی سربراہی میں ایک اور بھی ایم کیو ایم بنائی گئی تھی جس کا بعد ازاں نام ’پاک سرزمین پارٹی ‘رکھا گیا تھا۔ اگرچہ اس وقت لندن اور پاکستانی ایم کیوایم واقعی ’متحدہ‘ تھیں لہذا ان پر الزامات کی بوچھاڑکرکے چھوٹی موٹی نقب زنی کی گئی اور بندے توڑے گئے۔

اس وقت کی’ متحدہ‘ کو بھارتی ایجنٹ قراردیا گیا اور دھشت گردی،بھتہ خوری،ا سٹریٹ کرائم و دیگر جرائم کے وہ چارجز لگائے گئے جو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ، بعض ریاستی اہلکاروں اور سیاسی مخالفین کی طرف سے دھائیوں سے لگائے جارہے تھے۔الزامات کے مطابق ان مبینہ جرائم کا ارتکاب ان سالوں میں کیا جاتا رہا ہے جن سالوں میں ’پی ایس پی‘ کے سارے سرکردہ راہنما ؤں نے نادیدہ قوتوں کی گنگا سے ہاتھ نہیں دھوئے تھے،اسی طرح ’صاف ستھری ‘پاکستانی متحدہ اور توپوں کے رخ پر لندن والی’ متحدہ‘ بقول شخصے ایک ہی پیج پر تھیں ،ایک ہی قیادت کے ماتحت تھیں اور ایک ہی تنظیمی ڈسپلن کو مانتی اور احکامات پر عمل کرتی تھیں۔

تمام تر میڈیائی کمک او’رسرپرستوں ‘ کی شفت خاص کے باوجود ’پی ایس پی‘ دوکروڑ کی آبادی میں کوئی بڑی ہلچل نہ پیدا کرسکی ۔عام لوگ مروجہ سیاست سے بیزار اور نام نہاد سیاسی سرگرمیوں سے لاتعلقی کی حالت میں ہیں۔سرمایہ دارانہ نظام کی تباہ کاریوں کے شکارکراچی کی ناگفتہ بہ حالت اور مسائل کے انبارکو کچھ کم کرنے کی بجائے’حکمت عملی ‘تیار کرنے والی طاقتوں کی ساری توجہ توڑ پھوڑ اور سازشوں کے تانے بانے تیار کرنے پر ہے،مقصد بوتل سے نکلنے والے جن کی تباہ کاریوں پر قابو پانا اور اپنے کنٹرول کو دوبارہ سے مکمل طور پر بحال کرنا ہے۔

یہ سلسلہ ایم کیو ایم حقیقی کا دھڑا تیار کرنے کے عمل سے جاری ہے۔ تب اسلحے کی فراہم اور تربیت کے بعد ایک باقاعدہ جنگ کا سا ساماں پیداکیا گیا تھا۔ بیت الحمزا ،نائن زیرو طرز کا مضبوط مرکز تھا۔ایسا ہی جدید اسلحہ‘ جو ان دنوں الطاف حسین کی رہائش گاہ کے قریب ایک بند گھر کے واٹر ٹنک سے برآمد کیا گیا ‘ان دنوں حقیقی اور متحدہ کی جنگ میں استعمال کیا جاتا تھا۔

پچھلے سالوں میں اسلحے سے بھرے ہزاروں”ناٹوکنٹینرز“ کی لوٹ ماربھی تو آخر کسی آشیر باد اور ’کور‘ کے بغیر ممکن نہیں تھی،لاکھوں جدید ترین ہتھیاروں میں سے چند سو کی برآمدگی ناجانے کن مقاصد کے تحت عمل میں لائی گئی ہے! کراچی میں جاری کشمکش میں بین الاقوامی اور علاقائی طاقتوں کی مداخلت کوئی مخفی عامل نہیں ہے۔ملک بھر کے تضادات اور پھر پاکستانی ریاست کی خارجہ پالیسی کے ردعمل کی بڑی ’ٹسٹ گاہ‘ کراچی بنتی جارہی ہے۔

برادراسلامی مملکتوں کے جھگڑوں کے لئے بھی میدان جنگ کراچی ہی رہا ہے اور اسی طرح مسلکی اور فرقہ ورانہ جنگ وجدل کا خون بھی زیادہ یہیں بہا ہے۔لاکھوں افغان مہاجرین اور خیبر پختوان خواہ سمیت دوسرے صوبوں کے لوگوں نے اپنے روزگار اور بقاء کی جدوجہد میں بھی ہر طرح کا حربہ اختیار کیا ہے ۔ دیگر کئی قومیتوں کی طرح بلوچوں کی بہت بڑی تعداد کراچی میں رہتی ہے،بلوچستان میں فوجی آپریشن کئی سالوں سے جاری ہے اور کراچی بلوچستان سے ملحق ہے۔

ایک ہی شہر میں اتنی بڑی آبادی اور اس میں مسلسل اضافے کے تناسب سے نہ تو انفراسٹرکچر تعمیر ہوسکا اور نہ ہی درکار سہولیات کے لئے منصوبہ بندی کی جاسکی۔متحدہ قومی موومنٹ پارلیمانی سیاست کے آغاز سے ہی شریک اقتدار ہوتی چلی آئی ہے۔ متحدہ نے جن محرومیوں کو ’مہاجروں‘ کے ساتھ منسوب کرکے قوم پرستی یا نسل پرستی کی انتہاپسندانہ تحریک کا آغاز کیا تھا،اقتدار میں رہ کر ان میں سے ایک مسلہ بھی حل نہ کرسکی۔

تیس سالوں میں ہر طرح کی جمہوری ،غیر جمہوری حکومتوں اور پارٹیوں کی حلیف بن کر اقتدار کی گنگا میں ہاتھ دھونے سے صرف پارٹی کی بالائی سطح پر موجود متوسط طبقے کے ’ذمہ داران‘ کو کروڑ اور ارب پتی بنا یا جاسکامگر عام آدمی پہلے سے بھی زیادہ مسائل کی گرداب میں پھنستاگیا۔ متحدہ نے بھی ہمیشہ وہ وزارتیں لیں جس سے مال بنایا جاسکے اور خوب بنایا گیا۔

مارڈھار ،تشدد ،بوری بند اور ڈرل مشینوں سے مخالفین کے جسموں میں سوراخ جیسی اذیتیں کا سلسلہ دراز ہوتا گیا۔وسائل کے لئے جرائم ،بھتہ خوری، قبضہ گیریت،ڈکیتی اور راہزنی تک کا طریقہ کار اختیار کیا گیا۔ان سب عوامل کا نشانہ بننے والے کوئی اور نہیں تھے بلکہ کراچی کے عوام جن میں غالب اکثریت اردو بولنے والوں کی تھی۔ کچھ نہ بدلا بلکہ بدتر ہوتا گیا تو متحدہ کو ووٹ لینے کے لئے بھی تشدد اور زور زبردستی کا سہارا لینا پڑا۔

سالہا سال بلکہ دھائیوں کے حبس زدہ ماحول سے لوگ اکتا ہٹ کا شکار ہوگئے۔ اب مہاجر کارڈ فرسودگی کا شکار ہوچکا ہے۔ کراچی کے لوگوں کے ساتھ نظریاتی،سیاسی،لسانی ،قومی ،نفسیاتی کھلواڑ کئے گئے حتہ کہ ان کو جسمانی اور معاشی اذیتوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ایک طرف متحدہ کے نیم مردہ جسم میں زندگی پھونکنے کی ضرورت تھی تو دوسری طرف جرائم اور مافیا طرز کی سیاست نے بہت سے تضادکھول کر رکھ دیے۔

مقدر حلقے بھی ماضی کی وحدت کے حامل نہیں رہے تھے۔ کراچی اگر سونے کی چڑیا ہے تو اس چڑیا کو قابو کرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ چکی ہے،اس چومکھی لڑائی میں ہر کسی کو مختلف قسم کی طاقتوں کی ضرورت درکار ہے۔ ابھی تو ایک عشرت العباد سمیت پانچ ایم کیو ایم بنی ہیں آنے والے وقت میں انکی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے اور ضرورت کے تحت کچھ گروپوں کا ادغام بھی ہوسکتا ہے۔

کچھ ’ مقتدر‘ اداروں کی زبردست یلغاراور لندن والوں کو دیوار سے لگادینے کی زبردست کوششوں کے باوجود،دو ہفتے قبل جب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے انکل الطاف حسین کی غداری کے الزام سے نجات دلائی تو اس کے ساتھ انکو کراچی کی حقیقت بھی قراردیا تھا۔بلاول نے یہ بیان لازمی طور پر الطاف حسین کی امکانی’ نشاط ثانیہ‘کو مدنظر رکھے ہوئے تھا۔

بلاول کے ایک اور انکل ’رحمان ملک‘ برطانوی خفیہ اداروں کی مبینہ قربت کے باعث پاکستانی ریاست سے قبل ہی سکاٹ لینڈ یارڈکے ارادوں کو جاننے کی صلاحیت رکھتے ہیں،جنہوں نے 13اکتوبرکو ابتدائی طور پر الطاف بھائی کو منی لانڈرنگ کیس سے بری کردیا ہے۔اس بات کا امکان بھی ہے کہ بلاول کے ایک انکل نے دوسرے انکل کی گلوخلاصی کی خبردیکراگلی سیاسی چال کے لئے راہ ہموار کرائی ہو۔

اس وقت ایم کیو ایم کے چاروں گروپوں کے پاس کراچی کی نجات کا کوئی پروگرام نہیں ہے،وہ ماضی کے جن تعصبات ،نفرت اور شاونزم کا سہارا لینا چاہتے ہیں انکی بنیادیں کھوکھلی ہوچکی ہیں۔ایم کیو ایم کے تمام گروپوں کی قیادت پر ایک جیسے ہی الزامات ہیں،یہاں کوئی بھی صاف دامن کے ساتھ نہیں ہے۔بے وقعت دعووں اور بے وزن لفظوں کے تکرار کے سہارے اور کتنا عرصہ سیاست کی جاسکتی ہے۔

پہلے صرف الطاف حسین کی تقریر کو مذاحیہ پروگرام کے طور پر دیکھا جاتا تھا اب مصطفی کمال اور فاروق ستارکے پتلی تماشے بھی محض تفنن طبع کا باعث بن رہے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کا بحران اوراس بحران کو نئی نئی شکلیں دینے والوں کااپنا بحران‘ سرمایہ داری کے بحرانوں کی طرح نت نئی شکلیں اختیار کرتا جارہا ہے مگر کسی حل کی طرف پہنچنے کو قاصر ہے۔

سرمایہ دارانہ نظام کی ماتحت جماعتوں کی زوال پذیری ایک عالمگیر مسلہ بن چکی ہے۔مگر ایم کیو ایم کا تو وجود ہی کراچی کے محنت کش طبقے کے راستے کو کھوٹا کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا تھا۔ایم کیو ایم کراچی کے محنت کشوں سے تین دھائیوں کا قیمتی وقت چھین چکی ہے،ہزاروں لوگوں سے جینے کا حق چھین لیاگیا۔ایک طرف دو پرسنٹ اور اٹھانوے پرسنٹ کے ریاکارانہ نعرے لگائے گئے۔

دوسری طرف ساری دولت دو پرسنٹ مراعت یافتہ طبقے کی طرف دھکیلنے والے سرمایہ داری نظام کو بطور نظام بھی تسلیم کرکے طبقاتی استحصال اور لوٹ کھسوٹ کی وحشت کو کراچی کا مقدر بنادیا گیا۔کراچی کی آبادی کا اکثریتی حصہ ایم کیو ایم کے کھلواڑ اور دھوکہ دہی کی وجہ سے صدمے اور سکتے کے عالم میں ہے۔حکمران طبقے نے بہت چالاکی سے کراچی پر حکمرانی کرنے والے ظالموں کے پہلے گروہوں کی جگہہ پردیگر ظالم گروہوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی ہے ۔

سردست عوام نے ان تمام کاوشوں کا استقبال سردمہری اور لاتعلقی کے ساتھ کیا ہے۔اس ردعمل کی وجہ سے حکمران طبقہ بوکھلاہٹ میں اور زیادہ ناکام تجربے کرنے کی کوشش کرے گا،مگر کراچی کا محنت کش جب جاگ گیا تو پھر تما م سازشیں اور عیاریاں دھری کی دھری رہ جائیں گی۔یہ ممکن نہیں ہے کہ پاکستان کے پیٹروگراڈ کا مزدورہمیشہ ہی اس سارے عمل سے لاتعلق رہے گا۔وہ اپنے انقلابی کردار کو پھر دھرائے گا اور کراچی کے ساتھ پورے پاکستان کا مقدر بدلنے کے لئے ہراول دستہ بنے گا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :