نواز حکومت کی کار کردگی اور پنجاب سپیڈ!!!

پیر 1 اگست 2016

Hafiz Zohaib Tayyab

حافظ ذوہیب طیب

پیپلز پارٹی کی پچھلے دور حکومت میں جہاں ملک تباہی و بر بادی کے دہانے پر کھڑا تھا، لاقانونیت، دہشت گردی اور افرا تفری کا دور دورہ تھا، لوڈ شیڈنگ کا عذاب عوام کو ذہنی مریض بنا رہا تھا ،دھواں اگلتی صنعتوں کی چمکنیاں آخری سانسیں لے رہی تھیں۔جس کی وجہ سے لوگ بیروزگاری کی عفریت کا شکار ہو کر خود کشی کر نے پر مجبور اور اپنے جگر گوشوں کو فروخت کرتے دکھائی دیتے تھے ۔

پیپلز پارٹی کا وہ پانچ سالہ دور اقتدار تاریخ کے اوراق میں سیاہ لفظوں سے لکھا جائے گا اور جسے دیکھ کر تاریخ کے طالبعلم ضروراس گھٹن زدہ ماحول میں سانس لینے والے لوگوں کی ہمت کی داد دئیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔
پاکستانی عوام کو بھی یہ اعزاز حاصل ہے کہ پوری دنیا میں اس کا کوئی ثانی نہیں ۔

(جاری ہے)

بالخصو ص حکمرانوں کے معاملے میں اس امید کے ساتھ کہ اس کا بدلہ بہت اچھا ملے گا، صبر اور تحمل کی ایسی ایسی داستانیں رقم کرتی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

اللہ کریم بھی جن کے صبر کے بدلے اور اس آیت کریمہ کی روشنی میں کہ ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے ، اور بے شک ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے ، کا بہت اچھا بدلہ دیتا ہے ۔ اس سے قطع نظر کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں میں کئی طرح کے سقم موجو دہیں لیکن ہمیں یہ تسلیم کر نا ہو گا کہ سابقہ دور حکومت کے مقابلے میں مسلم لیگ کی حکومت کسی نعمت سے کم نہیں ہے ۔ اس میں کوئی بھی دوسری رائے نہیں کہ مسلم لیگ نے جب بھی اقتدار کے ایوانوں میں قدم رکھا، حالات میں کئی مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملتی ہیں ۔


جہاں تک معاملہ ہے ان کی کوتاہیوں اور کمزوریوں پر، اس پر مجھ سمیت بہت سے اہل قلم بہت بہادری کے ساتھ لکھتے اور لکھتے رہیں گے لیکن یہ بھی ایک سچ ہے کہ عوامی اور ملکی مفادات اور ترقی کے کئی ایسے کام جنہیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ،مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں شروع ہوئے ۔ پاکستان کو ایٹمی قوت کے طور پر پوری دنیا میں متعرف کرانا، موٹر ویز اور نت نئی سڑکوں کا جال بچھا نا، بجلی کی کئی کئی گھنٹوں پر محیط لوڈشیڈنگ کو کچھ گھنٹوں پر لے کر آنا اور پھر ہنگامی اقدامات کر تے ہوئے آئندہ انتخابات سے پہلے پہلے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ جس کے لئے 7، گھنٹوں کی مسلسل میٹنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کس حد تک اس کے لئے سنجیدہ ہے ۔


قارئین کرام !حاجی شریف مرحوم کے بارے مشہور تھا کہ وہ سر دی کے موسم میں اپنی گاڑی میں گرم کمبل ضرور رکھتے اور راستے میں جہاں فٹ پاتھ یا کسی سڑک کنارے کوئی شخص سویانظر آتا تو اس کے جسم کو کمبل سے ڈھانپ دیتے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ انہی نیکیوں اور میاں برادران کی اپنی والدہ کی خد مت کے صلہ میں ملنے والی عاؤں کی برکت ہے کہ ان کی بہت سی غلطیاں ، قدرت نظر انداز کر دیتی ہے اور ان کے کام سے کئی زیادہ عزت و شہرت ان کے نصیب میں لکھ دی جاتی ہے ۔

آزاد کشمیر کے الیکشن میں واضح کامیابی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا حالیہکامیاب ترین دورہ چین جس کی تازہ مثال ہے ۔
پانامہ لیکس کاشور، وزیر اعظم کا علاج کے لئے طویل غیر ملکی دورہ اور اپوزیشن جماعتوں کی سر توڑ کو ششیں اس بات کا پتہ دے رہی تھیں کہ آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ نواز کو شکست نہیں تو کم از کم بہت سخت حالات کا سامنا کر نا پڑے گا۔

لیکن الیکشن نتائج موصول ہونے کے بعد ایسا معلوم ہوتا تھا کہ یہ تو بڑی آسانی کے ساتھ کشمیرکا میدان اپنے نام کر گئے ۔ میاں شہباز شریف نے اپنے طوفانی دورہ چین میں ، چین کے نائب وزیراعظم ژانگ جیالی سے ملاقات کی جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور مسلم لیگ (ن)کے مابین تعلقات کے مزید فروغ کے لئے موثر اقدامات کر نے پر اتفاق ہواجہاں ایگزم بینک آف چائنہ کی چئیر پرسن نے پنجاب میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت منصوبوں کی تعمیر کی رفتار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ہم منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کیلئے شینزن سپیڈ کی اصطلاح استعمال کرتے تھے لیکن اب پنجاب نے شینزن سپیڈ کی اصطلاح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب چین میں تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کر نے کے حوالے سے ”پنجاب سپیڈ“ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے جس کا کریڈٹ شہباز شریف کو جا تا ہے ۔

قارئین کے علم میں اضا فہ کے لئے واضح کردوں کہ شییزن کا شمار چین کے ان شہروں میں کیا جاتا ہے جہاں چین کا پہلا انڈسٹریل واکنامک زون بنا یا گیا اور اہل چین نے وہاں جناتی انداز میں کام کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔
قارئین کرام !چینی حکام بالا کی طرح میری بھی رائے یہی ہے کہ پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں تیزی سے ہونے والے ترقیاتی کاموں کا سہرا مسلم لیگ (ن) اور میاں برادران کے سر سجتا ہے لیکن کچھ نااہل وزیروں مشیروں اور نالا ئق بیورو کریسی کی وجہ سے صحت جیسے اہم ترین شعبے میں کار کردگی نہ ہو نے کے برا بر دکھائی دیتی ہے جس کی وجہ سے ساری کی ساری نیک نامی کچھ ہی دیر میں اس محکمے کے لوگوں کے ہاتھوں ستائی عوام کی نفرت کا شکار ہو جاتی ہے ۔

کیا ہی اچھا ہو جیسے تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لاتے ہوئے اسے مزید بہتر کیا جا رہا ہے ، صحت کے شعبے کو بھی ترجیح اول بناتے ہوئے اس پرپنجاب سپیڈ کی طرح کام شروع کردیا جائے ۔ شہباز شریف صرف کچھ دنوں کے لئے صحت کے شعبے کی حالت زار کو بہتر بنا نے کے لئے کمر کس لیں تو امید کی جاسکتی ہے کہ تعلیم کی طرح اس میں بھی انقلابی تبدیلیاں دیکھنے کو نظر آئیں پھر جس کے نتیجے میں کشمیر کے الیکشنوں میں مسلم لیگ(ن) کو لوگوں نے خدمت کا کریڈٹ دیا ، آئندہ الیکشنوں میں پوری پاکستانی عوام اسی جوش و جذبہ کے ساتھ انہیں کامیاب کرائیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :