ہشیار مشرف

بدھ 23 مارچ 2016

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

اطلاعات کے مطابق سابق آرمی چیف پرویز مشرف نے علاج کے لیے امریکا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ علاج وہ اپنا نہیں پاکستان کا کروانا چاہتے ہیں ، کیوں کہ ان کی جان پاکستان ہے ان کی روح پاکستان ہے ، ان کی جلد ، ہڈیاں ،گوشت اور گودا ، دل کلیجہ، پھپھڑا،گردہ سب کچھ پاکستان ہے ، سب سے پہلے پاکستان ان کا مشہور و معروف اور مقبول نعرہ ہے ،تین سال پہلے جب وہ پاکستان آئے تھے ،تب بھی ان کا مقصد پاکستان کا علاج ہی تھا، قوم کو ظلم، کرپشن ، دہشت گردی ، انتہا پسندی سے نجات دینے کے لیے آئے تھے ، لیکن یہاں قوم کے اس عظیم محسن کو مقدمات میں الجھا دیا گیا، انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیاگیا، آخر انہوں نے فیصلہ کیا بیمار بن کر باہر جاتے ہیں اور اچھے بن کر براستہ امریکا واپس آتے ہیں، اگر چہ تین سال پہلے بھی وہ اُدھر سے ہی آئے تھے،لیکن اللہ نام پر آئے تھے ، پاکستان میں اللہ نام پر بھیک تو ملتی ہے ،ووٹ نہیں ملتے ، کرسی نہیں ملتی ، یہی وجہ ہے مذہبی جماعتیں ناکام رہتی ہیں۔

(جاری ہے)


پاکستان میں ہر چیز امریکا کی ہی چلتی ہے ، نام بھی امریکا ہی کا چلتا ہے ، اس لیے پرویزمشرف اپنی قوم کے لیے امریکا سے وہ غذائیں اوردوائیں لائیں گے جو اس قوم کی شفا کے لیے کار آمد ہوں گی ، امریکا پرویز مشرف کا دوسرا گھر ہے ، پرویزمشرف اپنے پہلے گھر کے حالات بتاتے ہوئے امریکا کو باور کروائیں گے کہ جو پالیسیاں وہ یعنی پرویز مشرف بنا گئے تھے ، آنے والے حکم رانوں نے انہی کو جاری و ساری رکھا ہے ، چوں کہ یہ پالیسیاں میری یعنی پرویز مشرف کی بنائی ہوئی ہیں ،اس لیے ان کو چلانے کا حق بھی وہی رکھتے ہیں ۔


####
کراچی:اطلاعات کے مطابق متحدہ نے کچرا اٹھاؤ مہم ملتوی کر دی ہے ،مہم تو ملتوی ہونا ہی تھی ، بہت ممکن ہے یہ التوا تنسیخ میں بھی بدل جائے ، کیوں کہ رابطہ کمیٹی متحدہ کے ڈپٹی کنوینیر سمیت ان رہ نماؤں کو گرفتار کر لیا گیا ،جو کچر اٹھا رہے تھے، کچھ ذرائع دعوی کر رہے ہیں کہ کئی رہ نما جن پر ٹارگٹ کلروں اور بھتہ خوروں کے سہولت کار اور سرپرست ہونے کا الزام ہے، کچرے کے پیچھے چھپنے کے موڈ میں تھے، ان کو سرکار اپنے پاس جمع کر رہی ہے، ساتھ ساتھ اس مہم کا مقصد سائیں قائم علی شاہ کی صد سالہ خدمات پرکچرا ڈالنا بھی تھا، سائیں کا جی تو چاہ رہا تھا کچرا اٹھانے والوں کو کچر ا بنا دیا جائے لیکن سائیں کے سائیں نے اس کی اجازت نہیں دی ،مہم کے التوا کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ متحدہ کے کچھ رہ نما ملک سے باہرہیں،یہ وضاحت نہیں کی گئی ،ملک سے باہروالے رہ نماؤں سے مراد کو ن سے ہیں، جو جان بچانے گئے ہیں یا عہد وفا دہرانے گئے ہیں،یہ وضاحت بھی نہیں کی گئی کہمتحدہ کے پاس تو افراد کی کمی نہیں تو کچرا اٹھاؤ مہم کا رہ نماؤں کے جانے سے کیا تعلق ہے ۔


####
قوم کے سچے خادم پر ویز مشرف نے اپنے چودھری برادران سے رابطہ کر لیاہے،چودھری برادران بھی بڑے کام کی چیز ہیں ، جس دل میں گھر کر لیں ،جلدی جلدی اس کی جاں بخشی نہیں کرتے ، اگر چہ پہلے پہل کچھ بلکہ بہت سے لوگوں کو پرویز مشرف اور چودھریوں کے قارورے میں کوئی چیز مشترک نظر نہیں آتی تھی، لیکن رفتہ رفتہ سمجھ میں آنے لگا کہ میاں دشمنی سانجھی ہے ! میاں صاحب ان حضرات کو چھوڑ کر چپکے سعودیہ چل دیے تھے اورپرویز مشرف نے ان حضرات کو خوب استعمال فرمایا،ایک بار پرویز مشرف اور چودھری برادران کو ایک دوسرے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔

چناں چہ پرویز مشرف قوم کی خدمت کے لیے چودھریوں کی چودھراہٹ کے راستے قوم کے دل و دماغ پر دستک دینا چاہتے ہیں۔
####
انیس ایڈو کیٹ بھی مصطفی کمال کے قافلے میں شامل ہو گئے ہیں، اگر چہ بعض لوگوں کے خیال میں انیس ایڈو کیٹ کے جانے سے متحدہ کا کوئی نقصان نہیں ہونے والا، کیوں کہ جب نقصان ہونا تھا تب نہیں ہوا، الطاف بھائی نے چپکے سے انیس ایڈو کیٹ کو مکھن سے بال کی طرح باہر نکال دیا تھا، لیکن کچھ ذمے ذرائع کا دعوی ہے کہ اہمیت ہے تو ہی مصطفی کمال نے قبول کیا ہے ، جب نکالا تھا تب بھائی کی طوطی بول رہی تھی ، اب تو طوطے بھی چپ ہیں اور بھائی کی برائی کر رہے ہیں ، ایسے میں یہ صاحب کام دے سکتے ہیںآ خر الطاف بھائی کے لنگوٹیے یار رہے ہیں ،ایسے لوگ جب غصے میں آئیں اور انتقام کی راہ پر چل نکلیں تو کافی کام دکھا سکتے ہیں ،بلکہ دکھا دیا کرتے ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :