خربوزہ

منگل 8 ستمبر 2015

Nadeem Tabani

ندیم تابانی

متحدہ قومی مومنٹ کے فاروق ستار کا کہنا ہے:”سیاسی برادری نے متحدہ کوخربوزہ بنا دیا ہے “فاروق بھائی! یہ تو بڑی خوشی کی بات ہے، خربوزہ نہ صرف نہایت خوش گوار ،خوش ذائقہ پھل ہے بلکہ یہ بہت ہی زیادہ نفع مند بھی ہے ،لیجیے آپ بھی سنیے:#معدے کی تیزابیت کے خاتمے میں خربوزے کا اہم کردار ہوتا ہے۔#کینسر سے بچاؤ کا قدرتی نظام اس میں موجود ہوتا ہے ۔

#خربوزہ دل کے دورے سے حفاظت کا ایک نہایت اہم ذریعہ مانا گیا ہے#جلد کو خوب صورت اور نرم و ملائم بنانے میں بھی خربوزے کا کردار بہت اہم بتایا گیا ہے#گردوں کی صفائی کے لیے خربوزے سے زیادہ زبردست کارکردگی شاید ہی کسی دوسرے پھل کی ہو۔#اور سینے کی جلن کو ختم کرنے اور ٹھنڈ ا کرنے میں بھی خربوزہ اپنی مثال آپ ہے۔اگر پاکستان کی سیاسی برادری کا معدہ درست رہے،اس کی جلد نرم و ملائم رہے، اس کے گردے صاف ستھرے رہیں،سینے کی جلن ختم ہو جائے، اس کے دل کی دھڑکنیں متوازن رہیں اور سب سے بڑھ کر یہ برادری کینسر سے بچی رہے اور اس معاملے میں متحدہ کا کردار ہو تو فاروق بھائی آپ کوتو موتی چور لے لڈو بانٹنے چاہییں۔

(جاری ہے)


خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے ،بتایا جاتا ہے متحدہ کے بعد پی پی کوخربوزہ بنانے کی تیاری ہوہی ہے،ماشا ء اللہ !یہ دو خربوزے سیاسی فضا کو خوش گوار اور خوشبو دار بنا سکتے ہیں۔
####
ماشا ء اللہ آج کل متحدہ قومی مومنٹ اسلام آباد سے لندن تک ہر طرف چھائی ہوئی ہے، کہیں اس کے ارکان اسمبلی و سینٹ کے استعفوں کا تذکرہ ہے ،کہیں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے معاملات سلجھانے کا کام جاری ہے ،کہیں منی لانڈرنگ میں اس کے کرتا دھرتاؤں کا بنیادی اور اہم کردار سامنے آرہا ہے ،کہیں کراچی کو صوبہ بنانے اور نہ بنانے کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے کہیں الطاف بھائی پر مقدمات چل رہے اور انہیں اشتہاری قرار دیا جا رہا ہے،کہیں بھائی کا خطاب اور اس کے مفید و مضر اثرات زیر بحث ہیں۔

غرض ہر طرف متحدہ چھائی ہوئی ہے۔
####
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں ”میں نے اپنے دور میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چاپی اس وقت کے قائد حزب اختلاف چودھری نثار کو دی ہوئی تھی،کہ وہ ہمارا احتساب کریں“ جناب گیلانی ! لگتا ہے وہی چابی آج کل کام کر رہی ہے ،یقینا سارا کام تو نہیں ہو پائے گا،جو رہ گیا وہ چودھری نثاراپنی وزارت عظمی کے دور میں کر لیں گے۔

ن لیگ نے پانچ سال کامیابی سے نکال لیے اور اگلے انتخابات میں جوتیوں میں دال بانٹنے والا کام نہ کیا تولگتا یہی ہے، چودھری نثار ملک کی خدمت کے لیے حاضر باش ہوں گے، چودھری صاحب تیزی سے ہوم ورک کر رہے ہیں۔
####
تاجروں اور حکومت کے بیچ ان بن چل رہی ہے ، حکومت نے بنک سے رقم نکلوانے پر جو ٹیکس لگایا ہے، وہ تاجروں کو منظور نہیں اور تاجر جو چاہ رہے ہیں وہ اسحاق ڈار کے حلق سے نہیں اتر رہا، تاجر وں نے بنکوں کے خلاف یوم بد دعا کا بھی اہتمام کیا، چھوٹی موٹی ہڑتالیں بھی جا ری ہیں ، بنکوں سے لین دین بھی کم کر دیا ہے، جوں جوں یہ ان بن آگے بڑھ رہی ہے ، احتجاج کرنے والے تاجروں میں گروپ اور گروہ بن رہے ہیں، احتجاج کرنے والوں کی تعداد اور طریق کار میں کافی تقسیم نظر آرہی ہے ، اسحاق ڈار کسی بھی وقت ایک دو اچھے شارٹ لگا کر تاجروں کو پچھلے قدم پر بھیج دیں گے، یہ بھی ہو سکتا ہے اسحاق ڈار کو پسپا ہونا پڑے۔

ایک بار پسپا ہونا شروع ہو گئے تو پھر ۔۔۔۔۔
####
عمران خان نے سندھ کے چھوٹے دورے میں بڑی بڑی باتیں کی ہیں ،کچھ حلقوں کا دعوی ہے کہ خان جی کومشورہ دیا گیا ہے کہ آپ اپنی نظریں پنجاب سے ہٹا کر سندھ پر رکھیں، پنجاب میں آپ کی دال گلنے والی نہیں ، کراچی اور سندھ میں آپ ہنڈیا چڑھا سکتے ہیں (بییچ چوراہے کے پھوٹ گئی ،تو کوئی بات نہیں اور لے آئیے گا) فاروق ستار بھی یہی کہہ رہے ہیں ،کراچی ہم سے لے کر کسی اور کو دیے جانے کی تیاری ہو رہی ہے، پی پی کو بھی یہی دھڑکا لگا ہوا ہے کہ سندھ میں کام وام تو کبھی کیا کروایا ہے ہی نہیں،پہلے صرف بھٹو جیتا تھا، اب بی بی بھی جیتی ہے۔

خان صاحب کو سندھ ملے گا یا نہیں ،کراچی میں کچھ کرپائیں گے یا نہیں ، لیکن مصروف تو رہیں گے نا،میاں حکومت کی جان بچی رہے گی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :