جنرل راحیل شریف۔۔عوامی امنگوں اور آرزوؤں کا حقیقی ترجمان

منگل 8 ستمبر 2015

Chaudhry Muhammad Afzal Jutt

چوہدری محمد افضل جٹ

یوں تو وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور صدر پاکستان ممنون حسین صاحب نے بھی یوم دفاع پاکستان کے مو قع پر اپنے پیغامات میں ملکی افواج کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کی سرحدوں اور اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا مگر جنرل راحیل شریف نے 1965کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جس جوانمردی،دلیری اور بہادری سے عوامی امنگوں اور آرزوؤں کی ترجمانی کی ہے اس پر پوری قوم اپنے ہر دل عزیز جنرل کو سلیوٹ پیش کرتی ہے اور فخر محسوس کرتی ہے کہ پیارے وطن کی سلامتی ،استحکام اور حفاظت کی ذمہ داری ایک ایسے مخلص،نڈر ،دلیر اور بہادر سپاہی کے ہاتھوں میں ہے جو پاک سر زمین کو دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ کرپشن ،بددیانتی ،لوٹ کھسوٹ اور بھتہ خوری کے ناسور کو بھی ختم کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے کیونکہ ان برائیوں کے خاتمے سے ہی ملک طاقتور،مستحکم،ترقی یافتہ اور خوشحال ہو گا ۔

(جاری ہے)


جنرل راحیل شریف کا خطاب مفصّل،جامع اور انتہائی مدلل تھا جس میں سیاست بھی تھی دور اندیشی بھی تھی شیر کی دھاڑ اور جنرل کی للکار بھی،جذبہ حب الوطنی بھی تھا ،قومی تفکّر اور تدبر کی جھلک بھی ،کامیاب سفارت کاری بھی تھی اورفرض شناسی بھی۔پاک وطن کی ترقی و خوشحالی کی آرزو اور ملکی سلامتی کا عزم ،جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم رکھنے والوں کو فوجی کمانڈر کی حیثیت سے مخاطب کیا اور دشمنان وطن کو پیغام دیا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزور ی کا نام نہ دیا جائے ہم ہر طرح کی جارحیت سے خوب نمٹنا جاتے ہیں وہ جارحیت کولڈ وار کی شکل میں ہو ہاٹ وار کے روپ میں ۔

ایک منجھے ہوئے سفارت کارکی زبان میں انہوں نے امن عالم کے نام نہاد ٹھیکیداروں اور کشمیر پر غاصب قوتوں کو یہ باور کرا دیا کہ جنوبی ایشیاء میں اس وقت تک دیر پا اور پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق حق رائے دہی نہیں دیا جاتا پاک چائنہ کوری ڈور کی افادیت اور اس کی تکمیل کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سے منسوب کرتے ہوئے ایک دور اندیش اور مثبت سوچ کے حامل سیاستدان نظر آئے،اے پی ایس کی انہوں نے ایک درد دل پاکستانی کے روپ میں وکالت کی۔


جنرل راحیل شریف نے قومی دولت لوٹنے والے چوروں ،ڈاکوؤں،بد دیانت افسروں ،لٹیروں ،دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی یہ انتباہ کر دیا ہے کہ ضرب عضب کی طرح ان کے خلاف بھی آپریشن انشاء اللہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا جنرل راحیل شریف کے خطاب نے قوم کو ایک نیا حوصلہ اور ولولہ عطا کیا ہے اور پوری قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے اور اس وقت کی منتظر ہے جب یہ خائن،بدقماش ،بھتہ خور ،اور چور اچکے نام نہاد لیڈر اپنے کالے کرتوتوں کی سزا کے مستحق ٹھہریں گے یہ ملک بیس کڑوڑ پاکستانیوں کا ہے نہ کہ ان بیس گھرانوں کے باپ کی جاگیر جنہوں نے اس عوام کے خون پسینے کمائی کو لوٹ کر دیار غیر میں اپنے محل بنائے ہیں ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :