سعودی عرب میں پاکستان رائیٹرزکلب ریاض کے زیراہتمام محفل ِ مشاعرہ!

جمعرات 3 ستمبر 2015

Muhammad Akram Awan

محمد اکرم اعوان

برادراسلامی ملک سعودی عرب میں ڈاکٹرز،انجینئرز،پیرامیڈیکل سٹاف،اساتذہ،مینجمنٹ،سیلزودیگرشعبہ جات سے وابستہ پاکستانیوں کی کثیرتعداد موجود ہے۔ ان لوگوں نے خلوص اور انتھک محنت کی بدولت اپنے ملک اورقریبی رشتہ داروں سے دوررہتے ہوئے خوشحالی کے ساتھ ساتھ اپنے ملک پاکستان کا نام روشن کیا اوربے شمار عزت اورکامیابیاں سمیٹیں۔

یوں توپوری دُنیا کے ہرملک میں پاکستانیوں نے اپنی صلاحیتوں کالوہا منوایا،مگر پاکستانیوں کی اکثریت دیگرممالک کی نسبت سعودی عرب میں روزگار کوزیادہ ترجیح دیتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی اوراہم وجہ مقدس مقامات مکہ مکرمہ ومدینہ منورہ کی زیارت اورحج وعمرہ جیسی نعمت کی دستیابی ہے۔یہی وجہ ہے کہ یہاں رہنے والاہرپاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھرقرار دیتا ہے۔

(جاری ہے)


سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جہاں مختلف مقامات پرسارے کا سارا علاقہ ہی پاکستانیوں پر مشتمل ہے۔پاکستانی لباس،پاکستانی ہوٹل، پاکستانی دوکانیں اور پاکستانی بازار دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ جیسے پاکستان ہی کا کوئی علاقہ ہو۔مگر اس سب کے باوجود ہرپاکستانی کے دل ودماغ کی ایک رگ ہمیشہ اپنے وطن پاکستان کے لئے پھڑکتی رہتی ہے۔

ہروقت ذہن کے کسی نہ کسی گوشے میں اپنے والدین ،بیوی ،بچوں ،عزیزو اقارت اوردوست احباب کی یادآباد رہتی ہے۔خاص طورپر پاکستان میں اجتماعی طورپرانتہائی جوش وخروش سے منائے جانے والے خصوصی قومی ایام جیسے عیدین،یوم پاکستان(23مارچ)،یوم آزادی(14اگست)،یوم دفاع پاکستان (6ستمبر) ،بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی اورشاعرعلامہ اقبال  کی یادمیں منائے جانے والے دنوں کے موقع پراپنے وطن ِعزیزسے دوری ہرپاکستانی کے جسم وجاں کو بوجھل اورغمگین کردیتی ہے۔


سعودی عرب میں1989سے قائم پاکستان رائیٹرز کلب ایک فعال اور جانی پہچانی سماجی،فلاحی تنظیم ہے ۔جس کا مقصد سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی مددکرنا اورانہیں ایک قوم کی حیثیت سے متحدرکھناہے۔ ان کے مسائل کے حل اورہر مشکل میں ان کی مددکرنا اور اپنے ہم وطن بہن ، بھائیوں کا سہارا بنناہے۔پاکستان رائیٹرز کلب نے اپنی فلاحی سرگرمیوں کو صرف سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی حدتک محدود نہیں رکھا، بلکہ پاکستان میں پیش آنے والی قدرتی آفات میں بھی پاکستان رائٹرز کلب الریاض سعودی عرب نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔


پاکستان رائٹرز کلب الریاض سعودی عرب ،دانشوروں، شاعروں، ادیبوں،لکھاریوں، صحافیوں اورفنکاروں کواپنی صلاحیت کے اظہارکے لئے ہراہم موقع پرباقاعدگی سے ادبی سرگرمیوں کااہتمام کرتا ہے۔27اگست 2015کوپاکستان رائٹرزکلب الریاض سعودی عرب نے جشن ِ آزادی پاکستان کی نسبت سے ایک شاندار اورپروقارمحفل مشاعرہ کا انعقادکیا۔جس کے مہمان ِ خصوصی"سفیر ِپاکستان"عزت مآب جناب منظورالحق تھے۔

صدر ِمحفل جناب عنبرنقوی خصوصی طور پرپاکستان سے تشریف لائے۔ دیگراہم مہمانان گرامی میں جناب سید فائزنجدی صدر پاکستان رائٹرزکلب الریاض سعودی عرب اورریاض کی مشہور ومعروف کاروباری شخصیت پاکستانی نژاد سعودی جناب طفیل احمدراجہ نے خصوصی طورپر شرکت فرمائی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا،جس کے بعدپاکستان رائٹرزکلب (شعبہ خواتین) کے بچوں نے پاکستان اور سعودی عرب کاقومی ترانہ پیش کیا۔

وطن سے دور یوم آزادی کے حوالہ سے منعقد کی گئی تقریب میں قومی ترانہ کے دوران ہرپاکستانی کی آنکھ خوشی اوراس موقع پروطن سے دوری کے احساس سے پرنم تھی۔
محفل ِمشاعرہ کے آغازمیں پاکستان رائیٹرزکلب(شعبہء خواتین) نے خاکہ (روایتی مشاعرہ کی پیروڈی) پیش کیا۔اس دوران پاکستان رائیٹرز کلب(شعبہء خواتین) کی عمدہ اورنپی تلی پرفارمنس نے حاضرین ِ محفل کے دل موہ لئے۔

اس پیروڈی میں شریک ہرایک نے اپنا کردار احسن طریقہ سے سرانجام دیا،جسے وہاں موجود(خواتین وحضرات)میں سے ہرایک نے خوب سراہااوردل کھول کرداد دی۔
اس محفل ِمشاعرہ کی سب سے اہم اور خاص بات ،وطن عزیز کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شعراء حضرات کا اپنی علاقائی زبان میں ملک وقوم سے محبت کا اظہارتھا۔پاکستان رائٹر کلب کی طرف سے وطن عزیز کے تمام خطوں اورزبانوں میں کلام پڑھنے اورنمائندگی کے اہتمام کا مقصد اخوت، بھائی چارہ اور تمام صوبوں کا ایک دوسرے سے اپنائیت اورمحبت کااظہار تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ دوسری دلچسپ بات یہ کہ مشاعرہ ایک بہت بڑے ہال میں منعقدکیا گیا ،جسے پاکستانی پرچم اورجھنڈیوں سے خوب سجایا گیاتھا۔ پاکستان کے ہرخطہ اورعلاقہ سے تعلق رکھنے والے سامعین سے بھرے ہال میں ہرکسی نے پاکستانی پرچم اورجشن ِ آزادی کے خوبصورت بیج اورسٹیکرسینے پرسجارکھے تھے۔مشاعرے کے دوران مختصروقفہ کے بعدچائے ،پان اورسپاریاں تقسیم کی جاتی رہی۔


شاعرغلام فرید بھٹہ نے اپنے مخصوص انداز میں پنجابی زبان میں جشن ِ آزادی کے حوالہ سے کلام پڑھااورسامعین سے خوب داد وصول کی، غلام حیدرحیدر نے(پشتو) زبان میں وطن سے عقیدت کا اظہارکیا، سعودی عرب میں مقبول ومعروف ادبی شخصیت حشام سید صاحب نے اُردو زبان میں کلام پڑھا ،اقبال قمرجودمام سے خصوصی طورپرجشن ِآزادی اوراتفاق باہمی اورمحبت کے حوالہ سے اپنے خوبصورت کلام "نفرت کی بات کر نہ عداوت کی بات کر"اور"جوخواب میری آنکھوں نے دیکھے"سے خوب داد سمیٹی،الخبرسے آئے ہوئے اقبال طالب کے کلام کو سامعین نے بہت سراہا گیا،پنجابی زبان کے مقبول شاعر جاویداخترجاوید نے خوبصورت آواز اوردلکش انداز میں اپنا کلام سنایاجوقابل تحسین تھا،موسیٰ خیل (پشتوزبان کے شاعر) نے پشتوزبان میں14اگست کی نسبت سے کلام پڑھا، عبدالرزاق تبسم نے پنجابی زبان میں اشعار پڑھے،اولیا کی سرزمین کے شاعر رشید عادل سرکی نے سندھی زبان میں اپنے وطن پاکستان سے محبت کا اظہار کیا، شاعرہ صدف فریدی نے اردو زبان میں کلام پڑھا ، شاعرسعید عاشربھی طبیعت کی ناسازی کے باوجودالخبرسے تشریف لائے،" آزادی کا دن ،رنگ ونور کی وادی کادن","سجدہ ریز"جیسے محبت بھرے کلام نے محفل میں ایک نئی روح پھونک دی ،د یگر شعراء کرام جنہوں نے جشن ِآزادی کی نسبت سے خوبصورت کلام کی بدولت حاضرین محفل سے خوب محبت اورداد وصول کی میں شاید خیالوی،شوکت جمال،سہیل ثاقب، سید خواجہ نہال الدین،وقار نسیم وکمی،یوسف علی یوسف، مسزقدسیہ لالی (الخبر)اورجشن ِآزادی کے حوالہ سے منعقدہ اس تقریب میں شرکت کے لئے مسز سمیرا عزیز جدہ سے خصوصی طورپر تشریف لائیں۔

سعودی عرب میں گزشتہ چالیس سال سے مقیم شاعرہ مسزشہناز اخترقریشی نے اپنے کلام"پاک سعودی دوستی زندہ آباد" سے وطن عزیز پاکستان اورسعودی عرب سے محبت اورگہری دلی وابستگی کا اظہار کیا۔ سب سے آخرمیں صدر ِمحفل جناب عنبرنقوی نے اپنے مخصوص انداز اور محبتوں بھرے کلام سے حاضرین ِمحفل کوپھر سے تازہ دم کردیا ،ان کے کلام یاد ِ شب ِوصال پر حاضرین مجلس نے خوب داد دی۔


مہمان ِ خصوصی "سفیر ِپاکستان"عزت مآب جناب منظورالحق نے اس شاندار ،پروقار اورمحبتوں بھری تقریب کے انعقاد پر منتظمین پاکستان رائٹرز کلب الریاض سعودی عرب کومبارکباد پیش کی۔انہوں نے اپنے مختصر مگر جامع خطاب میں تمام پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ یہ عزت اورمقام ہمیں پاکستان کی بدولت ملا، ہمیں چاہیے کہ اسی طرح آپس میں رواداری،محبت سے پیش آئیں اوربرداشت کا کلچرفروغ دیں۔

آپ میں سے ہرپاکستانی اپنے ملک کی پہچان کا ذریعہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم جہاں بھی ہوں اپنا کردار خلوص ِ نیت سے اداکرتے رہیں،کوئی بھی ایسا اَمر ہم سے سرزد نہیں ہونا چاہیے جس سے ہماری قوم اورملک کی نیک نامی پرحرف آئے۔ مجھے اپنے وطن اور ہم وطنوں پر فخرہے۔
اس تقریب کے انعقاد میں اہم کردار اداکرنے پرانجینئرعبدالرؤف مغل( VP IT & Multi-Media of PWC)،مسزشاہین جاوید ( Chapter of PWC Senior Member of Ladies ) اورمشاعرے میں شریک تمام شعراء نے مہمان ِ خصوصی"سفیر ِپاکستان" عزت مآب جناب منظورالحق سے یادگاری شیلڈ وصول کی۔


سب سے آخر میں سید فائزنجدی ،صدر پاکستان رائٹرزکلب نے تمام مہمانوں کاشکریہ ادا کیااور اس تقریب میں بھرپورشرکت ،دلچسپی اورنظم و ضبط برقراررکھنے پرخواتین وحضرات کی تعریف کی اورمہمان ِ خصوصی "سفیر ِپاکستان"عزت مآب جناب منظورالحق کی تشریف آوری پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ۔مشاعرے کے اختتام پر تمام مہمانوں کو پرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔


اس محفل ِ مشاعرہ کے دوران جہاں پاکستان اورسعودی عرب کے مختلف شہروں سے آئے شعراء کے خوبصورت کلام سے حاضرین مجلس خوب لطف اندوزہوئے اورہرشاعرکے کلام پردل کھول کردادوتحسین پیش کی وہیں اس طویل نشت میں سامعین کی دلچسپی براقرار رکھنے میں سیدخواجہ نہال الدین اوراحسن عباسی کی خوبصورت اوردلکش کمپیئرنگ نے مہمانوں کی توجہ حاصل کرنے اور اس پروقار تقریب کورواں دواں رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :